FIA Laiba Ejaz Case Capitalnewspoint.com

سواں گارڈن فیز ٹو میں مبینہ کرپشن کا بڑا اسکینڈل بے نقاب، 10 افراد مقدمے میں نامزد

اسلام آباد (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد نے سولین ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (CECHS) کے منصوبے “سواں گارڈن فیز ٹو” میں اراضی کی خریداری، جعلی معاہدوں اور پلاٹس کی غیر قانونی الاٹمنٹ کے ذریعے 58 کروڑ 49 لاکھ 36 ہزار 150 روپے کی مبینہ خردبرد کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا ۔

مقدمہ میں اسسٹنٹ سرکل رجسٹرار ملک دین، سپنزر لنکرز کے مالک محمد نواز، پہلی انتظامیہ کے صدر کرنل (ر) محمد اظہر، ذاکر اللہ، ماجد حسین، دوسری انتظامیہ کے صدر احمد سعید، جنرل سیکرٹری قیصر ریاض چیمہ، پٹواری شفقت علی، نائب تحصیلدار عبدالعزیز اور لینڈ پرووائیڈر فضل الرحمٰن کو نامزد کیا گیا ہے.

ایف آئی آر کے مطابق سوسائٹی کی بعد میں منتخب ہونے والی انتظامیہ کے صدر احمد سعید اور جنرل سیکرٹری قیصر ریاض چیمہ نے مبینہ طور پر ملی بھگت کر کے جعلی اسٹامپ پیپرز پر بوگس معاہدے تیار کیے اور زمین کا پہلے سے طے شدہ ریٹ 3 لاکھ روپے فی کنال سے بڑھا کر 3 لاکھ 40 ہزار روپے فی کنال کر دیا ، ملزمان نے نہ صرف 30 مارچ 2005 کا اصل معاہدہ سوسائٹی کے ریکارڈ سے تلف کیا بلکہ 3 لاکھ روپے فی کنال کی اصل ادائیگی کی منظوریوں کو ہٹا کر 3 لاکھ 40 ہزار روپے فی کنال کی جعلی منظوریاں ریکارڈ کا حصہ بنا دیں۔

ملزمان نے جعلی معاہدوں میں زمین کی قیمت کے بدلے پلاٹس جاری کرنے کی شق شامل کر کے اپنے حق میں 532 پلاٹس الاٹ کروا لیے۔ مزید برآں، سرکاری ٹیکسوں اور واجبات سے بچنے کی مجرمانہ نیت سے معاہدے کی شق نمبر 3 اور 11 میں ردوبدل کیا گیا اور یکجا زمین کے بجائے ٹکڑوں کی صورت میں زمین دینے کا جواز گھڑا گیا، جو کہ 30 مارچ 2005 کے ابتدائی معاہدے کی کھلی خلاف ورزی تھی۔

انتقالات کی فیس سوسائٹی پر منتقل: دستاویزات کے مطابق انتقالات (میوٹیشن) کی مد میں واجب الادا 2 کروڑ 26 لاکھ 1 ہزار 900 روپے بھی غیر قانونی طور پر سوسائٹی کے کھاتے میں ڈال دیے گئے۔ بعد ازاں ملزم احمد سعید سوسائٹی کی دوسری انتظامیہ کا صدر منتخب ہوا اور لینڈ پرووائیڈر فضل الرحمٰن کا نامزد کردہ بن کر زمین کی قیمت کے بدلے پلاٹس کی الاٹمنٹ کے لیے سوسائٹی کا ممبر بھی بن گیا۔

محکمہ مال کے اہلکاروں کا کردار: ایف آئی اے انکوائری کے مطابق فتح جنگ کے پٹواری شفقت علی اور نائب تحصیلدار عبدالعزیز نے اپنے سرکاری عہدوں کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے بدنیتی کی بنیاد پر ملزمان کی بھرپور معاونت کی اور میوٹیشن رجسٹر میں مارکیٹ ریٹ سے 10 گنا زائد قیمت پر انتقالات درج کر کے غریب اور معصوم ممبران کی جمع پونجی لوٹنے میں مدد دی۔

ایف آئی اے نےاینٹی منی لانڈرنگ اور دیگر ایکٹ 2010 کی دفعہ 4 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ،نامزد ملزمان میں اسسٹنٹ سرکل رجسٹرار ملک دین، سپنزر لنکرز کے مالک محمد نواز، پہلی انتظامیہ کے صدر کرنل (ر) محمد اظہر، ذاکر اللہ، ماجد حسین، دوسری انتظامیہ کے صدر احمد سعید، جنرل سیکرٹری قیصر ریاض چیمہ، پٹواری شفقت علی، نائب تحصیلدار عبدالعزیز اور لینڈ پرووائیڈر فضل الرحمٰن شامل ہیں .

تفتیشی حکام کے مطابق ملزم ملک دین کی دوسری اہلیہ نصرت شریف، برادر نسبتی مدثر علی، نذیر احمد خان، سلیم رضا قریشی اور ایڈووکیٹ/نوٹری پبلک شوکت سمیت دیگر افراد کے کردار کا تعین دورانِ تفتیش کیا جائے گا ، ایس ایچ او کارپوریٹ کرائم سرکل اسلام آباد انسپکٹر نعیم خان نیازی کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے ازخود نوٹس کیس (نمبر 06/2017، بابت ہاؤسنگ سوسائٹیوں کا فرانزک آڈٹ) میں جاری کردہ 15 جنوری 2019 کے احکامات کی تعمیل میں ایف آئی آر کی نقول عدالتِ عظمیٰ سمیت متعلقہ حکام کو بھجوا دی گئی ہیں۔