تلہ گنگ والوں کے لیے بڑی خوشخبری، مریم نواز نے ضلع بنانے اور 2 ارب روپے دینے کا اعلان کردیا

تلہ گنگ (کیپیٹل نیوز پوائنٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے تلہ گنگ کو ضلع بنانے اور علاقے کے لیے دو ارب روپے دینے کا اعلان کردیا ، پنجاب کے شہر تلہ گنگ آمد پر مریم نواز کا پرتپاک استقبال کیا گیا، اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے شاندار استقبال پر تلہ گنگ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تلہ گنگ والوں! اتنے لوگ کہاں سے آگئے؟ مجھے تو یہاں عوام کا سمندر دکھائی دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کے شہر کی سڑکیں بن گئی ہیں اور بسیں بھی چل رہی ہیں، یہاں مزید بھی ترقیاتی کام کیے جائیں گے ، وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ جھوٹے وعدے کرنے والوں کو تاریخ نے ملیا میٹ کردیا ہے، تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کو مکمل فعال بنانے کے لیے انتظامی افسران بھی تعینات کیے جائیں گے۔

مریم نواز نے ضلع تلہ گنگ کے لیے مستقل ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) کی تعیناتی کا بھی اعلان کیا، جبکہ علاقے کی ترقی کے لیے دو ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کیا۔