لاہور میں سینٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی (سی آئی اے) پولیس نے گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث 3 ڈاکٹروں سمیت 11افراد کو گرفتار کرلیا۔سی آئی اے سول لائنز پولیس کے ڈی ایس پی راشد امین کے مطابق لاہور کے سرحدی گاؤں ہیئر میں ایک کلینک پر چھاپا مار کر گردوں کی غیرقانونی پیوند کاری میں ملوث تین ڈاکٹرز کو 8 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزمان نے 3 شہریوں اظہر،سانول اور صبا کے گردے نکال کر فروخت کیے تھے ۔سی آئی اے سول لائنز پولیس کے مطابق ملزمان کے کلینک پر دو غیرملکیوں کے گردے ٹرانسپلانٹ کیے گئے جنہیں کلینک سے اسپتال منتقل کر دیا گیا،گرفتار ڈاکٹروں میں ڈاکٹر ثاقب ،ڈاکٹر طارق اور ڈاکٹر ارشد شامل ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ثاقب گردوں کی غیر قانونی پیوندکاری میں ریکارڈ یافتہ ہے۔