لاہور (شوبز رپورٹر) پاکستان کے معروف کامیڈین اور اسٹیج اداکار آصف اقبال انتقال کرگئے ، اہل خانہ کے مطابق انہیں دل کا دورہ پڑا جس کے بعد فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے ، خاندانی ذرائع کے مطابق آصف اقبال کو اچانک طبیعت خراب ہونے پر اسپتال لے جایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے ان کی جان بچانے کی کوشش کی، تاہم وہ انتقال کرگئے۔
آصف اقبال طویل عرصے تک پاکستانی تھیٹر اور اسٹیج ڈراموں سے وابستہ رہے۔ اپنے برجستہ جملوں، مزاحیہ انداز اور منفرد اداکاری کے باعث انہوں نے ناظرین میں نمایاں مقبولیت حاصل کی اور متعدد اسٹیج ڈراموں میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد شوبز انڈسٹری، ساتھی فنکاروں اور مداحوں کی جانب سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا جا رہا ہے ، فنکار برادری نے آصف اقبال کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے اہل خانہ سے تعزیت اور مرحوم کے لیے دعائے مغفرت کی ہے۔

