نگران حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسرکو چیئرمین نادرا تعینات کر دیا

اسلام آباد(سی این پی)نگران حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دے دی، جس کے بعد تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔وزیراعظم انوار الحق نے لفٹیننٹ جنرل منیرافسر کو بطور چیئرمین نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (نادرا) تعینات کرنے کی منظوری دی۔ وفاقی کابینہ کی مںظوری کے بعد چیئرمین نادرا کی تعیناتی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے تین نام کابینہ کو بھیجے گئے تھے، جن پر اراکین نے تفصیلی غور کرنے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر کو چیئرمین نادرا تعینات کرنے کی منظوری دی۔لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر پاکستان آرمی اور اقوام متحدہ مشن میں آئی ٹی سے متعلق تکنیکی ترقی اور انتظام کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں جبکہ انہوں نے پبلک پالیسی اینڈ نیشنل سیکورٹی مینجمنٹ میں ایم فل ہیں۔ انہوں نے 2010ءکے سیلاب کے دوران جی آئی ایس کے شعبہ میں پبلک پالیسی رسپانس پر تحقیقی مقالہ مرتب کیا۔جنرل منیر افسر نے جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) اور ریموٹ سینسنگ میں ایم ایس کیا۔ فوٹو میٹری کے ذریعے تیز رفتار جغرافیائی ڈیٹا تخلیق سے متعلق ان کے مقالے پر انہیں صدارتی ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔این ڈی یو واشنگٹن ڈی سی سے نیشنل ریسورس اسٹریٹجی (سی اینڈ آئی ٹی انڈسٹری اینڈ سپلائی چین مینجمنٹ) میں ایم ایس کیا جہاں انہیں ایک ممتاز گریجویٹ قرار دیا گیا۔ اس وقت وہ نسٹ (NUST) اسلام آباد میں ریموٹ سینسنگ میں پی ایچ ڈی کے امیدوار ہیں اور ان کا تحقیقی مقالہ ریموٹ سینسنگ اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے پلانٹ ڈزیزز کا پتہ لگانے سے متعلق ہے۔

انہوں نے آئی ٹی اور جی آئی ایس کے مختلف پہلوؤں سے متعلق کریڈٹ کے لئے متعدد تحقیقی اشاعتیں کیں۔ آئی ٹی سے متعلق کام کے تجربہ میں ملٹری جیو گرافک انفارمیشن سسٹمز (جی آئی ایس) آفیسر کے طور پر یو این ایم ایس میں خدمات انجام شامل ہیں۔سنہ 2010ءکے سیلاب کے دوران سیلاب سے بحالی کے لئے جی آئی ایس ایپلی کیشن کی تیاری میں ان کی وسیع پیمانے پر خدمات موجود ہیں۔ میجر جنرل کی حیثیت سے وہ ڈی جی کمانڈ، کنٹرول، کمیونیکیشن، کمپیوٹرز اینڈ انٹیلی جنس (C41) ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر جنرل بھی رہے جو آئی ٹی کے مکمل انتظام کی ذمہ دار رہے۔لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی کے بعد وہ انسپکٹر جنرل کمیونیکیشن اینڈ آئی ٹی کے ساتھ ساتھ کمانڈر پاکستان آرمی سائبر کمانڈ بھی رہ چکے ہیں۔