راولپنڈی(کرائم رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کی جانب سے عوامی آگاہی مہم جاری ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کی قیادت میں سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی کے ایجوکیشن ونگ نے ماہ رواں میں عوام الناس کی آگاہی کے لیے کئی اہم اقدامات کیے، ان اقدامات کا مقصد ٹریفک قوانین کے بارے میں شعور اجاگر کرنا اور عوامی تعاون کے ذریعے سڑکوں پر نظم و ضبط قائم کرنا ہے، سٹی ٹریفک پولیس کے ایجوکیشن ونگ نے مختلف سکولز ، کالجز میں رواں ماہ میں11 آگاہی لیکچرز دیے ، جہاں طلبہ و طالبات کو ٹریفک قوانین کی اہمیت، روڈ سیفٹی، اور پیدل چلنے کے اصولوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا ، اس کے علاوہ سٹی ٹریفک پولیس نے 34 بس ٹرمینلز / ٹرانسپورٹ اڈوں کا دورہ بھی کیا اور ڈرائیورز، کنڈکٹرز، اور مسافروں کو ٹریفک قوانین کی پابندی اور روڈ سیفٹی کے بارے میں بریفنگ دی .
اسی دوران 1000 سے زائد آگاہی پمفلٹس عوام میں تقسیم کیے گئے تاکہ ہر شہری تک ٹریفک قوانین کا پیغام پہنچایا جا سکے، ایجوکیشن ونگ نے فرینڈز آف پولیس پروگرام کے تحت بھی 4 لیکچرز منعقد کیے جس میں شرکاءکو ٹریفک پولیس کی خدمات کے بارے میں آگاہی دینے کے ساتھ ساتھ ذمہ دار ڈرائیور بننے اور قوانین پر عمل کرنے کے لیے شعور فراہم کیا گیا،ایجوکیشن ونگ نے عوام الناس تک وسیع پیمانے پر پیغام پہنچانے کے لیے ایف ایم ریڈیو 88.6 پر 17 آگاہی سیشنز منعقد کیے جن میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کی اہمیت پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی، چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی بینش فاطمہ کا اس بارے میں کہنا تھا کہ یہ اقدامات نہ صرف عوامی آگاہی کے فروغ کے لیے ہیں بلکہ شہریوں کو محفوظ سفر کے لیے قوانین کی آگاہی اجاگر کرنے اور انکی پابندی پر آمادہ کرنے کی ہماری کوشش کا حصہ ہیں، سٹی ٹریفک پولیس راولپنڈی عوامی شعور اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سپیشل مہمات کے ذریعے قوانین کی خلاف ورزی پر سخت ایکشن بھی لے رہی ہے، ساتھ ہی آگاہی کی یہ مہم راولپنڈی شہر کو محفوظ اور منظم بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے ۔