ملتان میں ایل پی جی کی آتشزدگی سے کئی قیمتی جانیں ضائع ہوگئیں

اسلام آباد ۔ملتان میں انڈسٹریل اسٹیٹ کے قریب ایل پی جی کی آتشزدگی اور دھماکے میں کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا اور وسیع پیمانے پر املاک کو نقصان بھی پہنچا ۔ غیر مجاز فیکٹری میں یہ افسوسناک واقعہ، باؤزر سے سلنڈرز میں ایل پی جی کی منتقلی کے دوران پیش آیا ۔باؤزر سے ایل پی جی کا کافی دیر تک اخراج ہوتا رہا ، چونکہ ایل پی جی ہوا کے مقابلے میں بھاری ہوتی ہے، اس لیے ارد گرد کے علاقے میں پھیلتی رہی ۔ جب گیس آتش گیر سورس سے ٹکرائی، تو فوراً آگ بھڑک اُٹھی، جس سے باؤزر میں زوردار دھماکہ ہوا ، اور حادثہ پیش آیا۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ اوگرا اور ڈپارٹمنٹ آف ایکسپلوژوز صرف لائسنس یافتہ اداروں کو ریگولیٹ کرتے ہیں ۔تاہم، اوگرا نے متعلقہ حکام کے تعاون سے ، غیر قانونی فیکٹریوں سے پیدا ہونے والے خطرات کے حل کرنے کے لیے مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں ۔اور مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا ؤ کو یقینی بنانے کے لیے غیر مجاز فیکٹریوں کے خلاف مشترکہ کارروائیوں اور قانونی اقدامات کا بھی آغاز کیا ہے ۔

اوگرا نے واقعے کی مزید تحقیقات، شواہد جمع کرنے اور اصل وجوہات کا پتا لگانے کے لیے تھرڈ پارٹی انسپکٹر کی خدمات حاصل کی ہیں۔اس کے علاوہ، اوگرا غیر قانونی ایل پی جی آپریشنز کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے سخت اقدامات اور مؤثر کاروائیاں یقینی بنائے گا۔

اوگرا اس واقعے میں ملوث اداروں کے خلاف تمام شواہد اکٹھے کرنے کے بعد سخت کارروا ئی کو یقینی بنائے گا۔ مزید برآں، اوگرا نے ایل پی جی اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی غیر قانونی ہینڈلنگ کی روک تھام کے لیے، حال ہی میں پاکستان پینل کوڈ (پی پی سی) میں سزاؤں میں اضافہ اور قانونی فریم ورک کو مزید سخت کرنے کی ترمیم تجویز کی ہے۔ اس وقت مذکورہ قانون منظوری کے آخری مراحل میں ہے۔