اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے آزاد جموں و کشمیر کے شہر باغ میں معروف کمپنی ایم ٹی بی سی کیئر کلاؤڈ کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور اس کے مختلف منصوبوں کا جائزہ لیا، پیپلز پارٹی اے جے کے کے رہنما چوہدری ریاض اور وزیر برائے آئی ٹی سردار ضیا القمر بھی ان کے ہمراہ تھے۔
منگل کو گورنر آفس سے جاری بیان کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا نے کمپنی کے مختلف شعبوں کا دورہ کیا جہاں انہیں کمپنی کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات ، اس سے ہزاروں خواتین اور نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی اور مستقبل کے منصوبوں بارے بریفنگ دی گئی۔
گورنر نے باغ میں عالمی معیار کے کمپنی کے قیام پر ادارے کی انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وومن امپاورمنٹ کے حوالے سے کمپنی بہتر کام کررہی ہے۔انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات لکھے ۔آخر میں ایم ٹی بی سی انتظامیہ نے گورنر کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔