وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پی ڈی ایم اے کی مون سون فیکٹ شیٹ جاری، ممکنہ سیلابی خطرے پر الرٹ، عوام کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت

لاہور (سٹاف رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کی مون سون فیکٹ شیٹ جاری کردی گئی۔ فیکٹ شیٹ میں مون سون بارشوں کی صورتحال، پنجاب کے دریائوں، بیراجز اور ڈیمز میں پانی کی سطح بارے اعداد و شمار شامل ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم کے مطا بق گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور، مری، قصوراور اوکاڑہ میں بارش و بوندا باندی ریکارڈ کی گئی جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں موسم گرم مرطوب رہنے اور کہیں کہیں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ترجمان کے مطابق مون سون بارشوں کاپانچواں سلسلہ 28 جولائی (کل)سے شروع ہو گا،مون سون بارشوں کے باعث پنجاب کے دریائوں وندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ اور وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر صوبہ بھر کی انتظامیہ ومتعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں بارشوں کے باعث حادثات سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ رواں سال مون سون بارشوں میں حادثات کے باعث151 شہری جاں بحق اور 538زخمی ہوئے ،اس کے علاوہ209 گھر متاثر اور 121 مویشی ہلاک ہوئے ۔ترجمان کے مطابق یہ اموات آسمانی بجلی ،مخدوش عمارتوں کے گرنے، دریائوں میں نہاتے ہوئے ڈوبنے اور کرنٹ لگنے سے ہوئیں ۔ڈی جی پی ڈی ایم کے مطابق وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے پیشِ نظر سوگوار خاندانوں کی مالی معاونت یقینی بنائی جا رہی ہے، کسانوں کی فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔

ڈی جی عرفان علی کا ٹھیا نے بتایا کہ اس وقت منگلا ڈیم میں55 فیصد اورتربیلا میں 83 فیصد پانی موجود جبکہ انڈین ڈیمز میں پانی کی سطح تقریبا36 تک فیصد ہے،دریائے سندھ میں کالا باغ اور تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے ،دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال اوردریائے چناب، راوی ،جہلم اور ستلج میں پانی کا بہائو فی الحال نارمل سطح پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر پی ڈی ایم اے کے انتظامات مکمل اور پی ڈی ایم اے کنٹرول روم و ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز 24/7 صورتحال کو مانیٹر کر رہے ہیں، حفاظتی اقدام کے تحت حکومت پنجاب کی جانب سے دریائوں ،نہروں اور برساتی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد ہے ،خلاف ورزی کی صورت میں سخت ایکشن لیا جائے گا ۔

انہوں نے عوام کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں، بجلی تاروں اور کھمبوں سے دور رہیں، مخدوش و بوسیدہ مکانات میں رہائش نہ رکھیں اورہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔