اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ اینڈورکس کی سب کمیٹی کا اجلاس ایف جی ای ایچ اے میں منعقدہوا قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ہاؤسنگ و ورکس کی سب کمیٹی کا اجلاس مورخہ 4 اگست 2025 کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤ سنگ اتھارٹی (FGEHA)، سیکٹر G-10/4، اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس کی صدارت سب کمیٹی کے کنوینر جناب انجم عقیل خان (رکن قومی اسمبلی) نے کی، جبکہ محترم جناب محبوب شاہ اور جناب ابرار احمد (اراکین قومی اسمبلی) کمیٹی کے ممبران کی حیثیت سے موجود تھے۔منسٹری اف ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے جوائنٹ سیکرٹیری جناب عدنان دیار صاحب بھی شریک ہوئے .
فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی (FGEHA) کی نمائندگی چیف انجینیئر ایف جی ای ایچ اے، نے کی، جبکہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے دیگر سینئر افسران جن میں ڈائریکٹر لینڈ جناب احسان الہیٰ، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر کوارڈینیشن شاہد ، ڈائریکٹر لاء باسط خان ا ور ڈائریکٹر ایڈمن جناب فیض عمر سیال شامل تھے، اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں سیکٹر G-14 (جھنگی سیداں) کے مسائل زیر غور آئے۔ اس موقع پر گوگل اور نان گوگل BUPsکے معاملات پیش کیے گئے۔ متاثرین کی شکایات سنی گئیں اور کمیٹی نے متعلقہ حکام کو تاکید کی کہ متاثرین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔
ڈائریکٹر لینڈ نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ بعض متاثرین کو ادائیگیاں ہو چکی ہیں لیکن ان کے مکانات تاحال خالی نہیں کرائے جا سکے۔ اس مسئلے کے فوری حل پر زور دیا گیا اور کمیٹی نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔سیکٹر F-14 اور F-15 سے متعلق معاملات کے حل کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس میں ڈائریکٹر لینڈ اور ڈائریکٹر لاء شامل ہوں گے۔ اس کمیٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سات یوم کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے جس میں مسائل کے حل کے لیے عملی تجاویز شامل ہوں۔
مزید برآں، سب کمیٹی کے آئندہ دو اجلاس مورخہ 8 اور 12 اگست 2025 کو فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی کے دفتر میں منعقد ہوں گے، جن کا مقصد زمین کے حصول، زیر التواء ادائیگیوں، تعمیر شدہ جائیدادوں کے معاوضہ، ایف جی ای ایچ اے کے ہاؤسنگ منصوبوں میں تاخیر اور دیگر اہم امور کا تفصیلی جائزہ لینا ہے۔

