این آئی سی حیدرآباد میں 32 اسٹارٹ اپس کی گریجویشن اور تیسری سالگرہ کی تقریب

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) نیشنل انکیوبیشن سینٹر (این آئی سی) حیدرآباد، جو وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن کے تحت اگنائٹ کا ایک منصوبہ ہے، نے ایک اہم سنگِ میل عبور کیا جب اس نے اپنے چوتھے اور پانچویں بیچ کے 32 اسٹارٹ اپس کی گریجویشن اور اپنی تیسری سالگرہ منائی،تین سال قبل قائم ہونے والا این آئی سی حیدرآباد اب خطے میں نئی سوچ، کاروبار اور روزگار پیدا کرنے کا ایک نمایاں مرکز بن چکا ہے اور اس نے حیدرآباد کو پاکستان کے ڈیجیٹل نقشے پر اجاگر کر دیا ہے،وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونی کیشن، شزا فاطمہ خواجہ، نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزارت، اگنائٹ، ایل ایم کے ٹی، پی ٹی سی ایل، تعلیمی اداروں اور کاروباری برادری کے نمائندے بھی موجود تھے۔

وفاقی وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ نے وزیراعظم کے “ڈیجیٹل نیشن وژن” کے حوالے سے حکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے کہا:
“این آئی سی حیدرآباد سے گریجویٹ ہونے والے اسٹارٹ اپس پاکستان کے نوجوانوں کی صلاحیت اور عزم کو ظاہر کرتے ہیں۔ یہ نوجوان ہماری ڈیجیٹل معیشت کو آگے بڑھا رہے ہیں، روزگار کے مواقع پیدا کر رہے ہیں اور عالمی سطح پر پاکستان کی نئی سوچ کو اجاگر کر رہے ہیں، وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وزارت ڈیجیٹل پاکستان کے قیام کے لیے ایسے نظام کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہے۔”

اگنائٹ کے سی ای او، رفیق احمد بُریرو نے کہا کہ این آئی سی حیدرآباد اس بات کا ثبوت ہے کہ بڑے شہروں کے علاوہ بھی کاروبار کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اگنائٹ پورے ملک میں ایسے اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کرتا رہے گا جو روزگار پیدا کرتے ہیں اور عالمی معیار کے حل پیش کرتے ہیں، ایل ایم کے ٹی کے وائس پریزیڈنٹ، عاصم اسحاق خان نے اس بات پر زور دیا کہ حیدرآباد کے اسٹارٹ اپس نہ صرف پاکستان بھر میں بلکہ عالمی سطح پر بھی ترقی کر رہے ہیں۔ این آئی سی حیدرآباد کے پروجیکٹ ڈائریکٹر، سید ثناء شاہ، نے مرکز کے سفر پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ اب تک 150 سے زائد اسٹارٹ اپس کی انکیوبیشن ہو چکی ہے جنہوں نے صرف تین سال میں ایک ارب روپے سے زائد آمدن پیدا کی، 47 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری حاصل کی اور 4,100 سے زیادہ نوکریاں پیدا کیں۔

گریجویشن کی یہ تقریب 32 اسٹارٹ اپس کی محنت اور تخلیقی صلاحیت کا اعتراف تھی اور حیدرآباد کے بڑھتے ہوئے کاروباری سفر میں ایک اور سنگ میل ہے۔ اپنے آغاز سے اب تک، این آئی سی حیدرآباد نے 150 سے زائد اسٹارٹ اپس کو سپورٹ کیا ہے جنہوں نے ایک ارب روپے سے زائد آمدن پیدا کی، 47 کروڑ روپے کی سرمایہ کاری حاصل کی اور 4,100 سے زائد روزگار فراہم کیے،یہ تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ حکومت نوجوانوں کو ٹیکنالوجی اور نئی سوچ کے ذریعے بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے، جو وزیراعظم کے علم پر مبنی ڈیجیٹل معیشت کے وژن کے عین مطابق ہے.