اسلام آباد(کرائم رپورٹر)نیشنل پولیس فاونڈیشن کے زیر اہتمام “ویژن اینڈ پراگریس کانفرنس 2025 کا انعقاد کانفرنس میں پاکستان پولیس کے افسران، شہریوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی ،کانفرنس کا مقصد نیشنل پولیس فاونڈیشن کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں سے شرکاءکو آگاہ کرنا اور فاونڈیشن کے ویژن، شفافیت، ترقی اور سہولیات کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہے۔

تفصیلات کے مطابق مینیجنگ ڈائریکٹر نیشنل پولیس فاونڈیشن پاکستان سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں نیشنل پولیس فاونڈیشن کے زیرِ اہتمام “ویژن اینڈ پراگریس کانفرنس “2025 کا شاندار انعقاد کیا گیا،کانفرنس میں پاکستان پولیس کے مختلف شعبہ جات کے افسران، شہری نمائندگان، ماہرینِ تعلیم، کاروباری حضرات اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی، کانفرنس کا بنیادی مقصد نیشنل پولیس فاونڈیشن کے جاری منصوبوں، آئندہ ترقیاتی اقدامات اور مستقبل کی حکمتِ عملی سے شرکاءکو آگاہ کرنا تھا، تاکہ فاونڈیشن کے ویژن، شفافیت، پیشہ ورانہ ترقی اور شہری سہولیات کے نظام کو مزید موثر اور جدید تقاضوں کے مطابق بنایا جا سکے،ایم ڈی نیشنل پولیس فاونڈیشن کی خصوصی ہدایات کے مطابق این پی ایف کے سینئر افسران نے شرکاءکو فاونڈیشن کے مختلف منصوبوں اور ترقیاتی پروگراموں کے بارے میں جامع بریفنگز دیں.

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈمن/ہاوسنگ سید علی محسن، ڈائریکٹر ایجوکیشن، ڈائریکٹر فنانس، ڈائریکٹر مارکیٹنگ اور دیگر شعبہ جات کے سربراہان نے اپنے اپنے شعبوں میں جاری منصوبوں، مستقبل کی حکمتِ عملی اور عوامی سہولت کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی، کانفرنس کے دوران فاونڈیشن کی جانب سے جدید ہاوسنگ پراجیکٹس، تعلیمی منصوبوں، مالیاتی نظم و نسق میں شفافیت اور سروس ڈیلیوری کے نئے طریقہ کار پر خصوصی توجہ دی گئی،شرکاءنے نیشنل پولیس فاونڈیشن کی کارکردگی، ترقیاتی ویژن اور عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے اسے پولیس افسران، ملازمین اور شہریوں کے لئے امید کی نئی کرن قرار دیا، ان کا کہنا تھا کہ این پی ایف کی یہ کاوش نہ صرف ادارے کی ساکھ کو مضبوط بنا رہی ہے بلکہ پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد کے رشتے کو بھی مزید مستحکم کر رہی ہے.

