لوک میلہ 2025 شاندار عوامی شرکت کے ساتھ جاری،40سے 50 ہزاافراد نے میلے کا رخ

اسلام آباد (سٹی رپورٹر)لوک میلہ 2025 اپنے چوتھے روز بھی شاندار عوامی شرکت کے ساتھ جاری رہا جہاں تقریباً 40سے 50 ہزاافراد نے میلے کا رخ کیا۔ وزیٹرز، طلبہ، خاندانوں، فنکاروں اور سیاحوں نے پورے دن لوک ورثے سے متعلق سرگرمیوں میں بھرپور دلچسپی ظاہر کی۔آج کی اہم ترین سرگرمیوں میں پاکستان میں امریکی سفیر نٹیلیا اے بیکر کا دورہ شامل تھا۔ انہوں نے لوک میلہ کے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا، لوک دستکاروں اور فنکاروں سے ملاقات کی اور ان کے فن اور محنت کو سراہا۔

لوک ورثہ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد وقاص سلیم بھی ان کے ہمراہ تھے اور انہوں نے سفیر کو ثقافتی نمائشوں، لوک روایات اور میلے کی اہمیت کے بارے میں آگاہ کیا۔شام کے وقت اوپن ایئر تھیٹر میں لوک ورثہ کلچرل فیوژن نائٹ منعقد ہوا جس میں پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے فنکاروں نے مشترکہ پرفارمنسز پیش کیں۔ علاقائی دھنوں اور رقص کے حسین امتزاج نے حاضرین سے بھرپور داد حاصل کی اور پاکستان کی ثقافتی ہم آہنگی کو نمایاں کیا۔

وزیٹرز نے دن بھر دستکاریوں کے سٹالز، علاقائی کھانوں، ثقافتی پویلینز، لائی کرافٹ ڈیمونسٹریشنز، لوک تھیٹر، کہانی گوئی اور بچوں کی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ میڈیا نمائندگان اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز نے بھی میلے کی بھرپور کوریج کی۔لوک میلہ 2025 اپنی سرگرمیوں کے ساتھ 16 نومبر 2025ء تک جاری رہے گا اور روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گا۔