اسلام آباد(کرائم رپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس (آئی جی پی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے تھانہ کھنہ کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی عوامی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس پی سوان زون خرم اشرف سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے آئی جی اسلام آباد نے افسران کو ہدایت کی کہ تھانہ سطح پر “SIPS پروٹوکول” پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے تمام تھانے عوام کو فوری مدد اور سہولت فراہم کرنے کے لیے قائم کیے گئے ہیں، لہٰذا شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تھانے میں موجود تمام موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر مقدماتی اشیاء فوری طور پر مرکزی مالخانے منتقل کی جائیں بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ اور ڈائریکٹر انیشی ایٹوز کے ہمراہ اجلاس کی صدارت کی، جس میں پولیس فورس کے انتظامی امور، افسران و اہلکاروں کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ، جدید تربیتی پروگرامز، ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال، عوامی خدمات کے معیار میں بہتری اور جاری اصلاحاتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا آئی جی سید علی ناصر رضوی نے ہدایت کی کہ تمام محکموں میں شفافیت، پیشہ ورانہ رویہ اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جرائم کی روک تھام کے لیے مربوط حکمتِ عملی اپنائی جائے اور کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جائے۔

