او جی ڈی سی نے کارپوریٹ فلانتھروپی ایوارڈز 2025 میں سب سے زیادہ سماجی ذمہ داری کے اخراجات کا اعزاز حاصل کرلیا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی) نے کارپوریٹ فِلانتھروپی ایوارڈز 2025 میں ملک بھر میں سب سے زیادہ سماجی ذمہ داری کے اخراجات کرنے والی کمپنی کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ یہ ایوارڈ پاکستان سینٹر فار فِلانتھروپی(پی سی پی) کی جانب سے بدھ کو اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں دیا گیا، جس میں سماجی ترقی اور کمیونٹی کی بہتری کے لیے نمایاں کردار ادا کرنے والی کمپنیوں کو سراہا گیا۔

تفصیلات کے مطابق منیجنگ ڈائریکٹر/سی ای او او جی ڈی سی، احمد حیات لک نے یہ ایوارڈ وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات، محمد اورنگزیب سے وصول کیا۔ یہ کامیابی پاکستان بھر میں پائیدار ترقی، تعلیم، صحت اور کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے او جی ڈی سی کی طویل المدتی وابستگی کا ثبوت ہے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈی/سی ای او، احمد حیات لک نے کہا کہ”او جی ڈی سی نہ صرف مارکیٹ کیپیٹلائزیشن کے اعتبار سے پاکستان کی سب سے بڑی کمپنی ہے بلکہ سی ایس آر میں سب سے زیادہ خرچ کرنے والاکارپوریٹ ادارہ بھی ہے۔ ہماری سی ایس آر پالیسی اس بات کو یقینی بناتی ہے کہ ہم کمپنی کے آپریشنل علاقوں میں شراکت داروں اور مقامی برادریوں کے ساتھ قریبی تعاون میں کام کریں۔ ہم پی سی پی سے تصدیق شدہ این جی اوز کو بھی ترجیح دیتے ہیں، جو پی سی پی کے ساتھ برسوں پر محیط مضبوط اور قابلِ اعتماد تعلق کی عکاسی کرتا ہے۔ او جی ڈی سی مستقبل میں بھی اسی توجہ اور استحکام کے ساتھ اپنی سماجی خدمات جاری رکھے گی۔“

او جی ڈی سی کے سماجی ذمہ داری کے پروگراموں میں بنیادی ڈھانچے کی بہتری، تعلیمی معاونت، طبی سہولیات کی فراہمی، روزگار کے مواقع میں اضافہ اورقدرتی آفات کی صورت میں فوری امدادی اقدامات شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے ہر سال ہزاروں افراد کو براہِ راست فائدہ پہنچتا ہے۔ کمپنی مقامی کمیونٹیز کی طویل المدتی بہتری اور ملک کی سماجی و معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے۔