اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے اقوام متحدہ کے تعاون سے 3 تا 4 دسمبر 2025 کو اسلام آباد میں این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں دو روزہ مشترکہ کثیرالمخاطراتی مشق (SimEx) کامیابی سے مکمل کی اس مشق کا مقصد پاکستان میں بڑے پیمانے پر ہنگامی حالات کے دوران مربوط ردعمل کی استعداد کو جانچنا اور اسے بہتر بنانا تھا، جس میں فیصلہ سازی، اداروں کے درمیان ہم آہنگی، معلوماتی نظام اور وسائل کی منصوبہ بندی کا عملی جائزہ لیا گیا۔ مشق میں این ڈی ایم اے، صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز، ضلعی انتظامیہ، وفاقی وزارتیں، اقوام متحدہ کے ادارے، بین الاقوامی تنظیمیں اور قومی این جی اوز نے حصہ لیا۔

ملک بھر سے 130 سے زائد شرکاء نے چھ ورکنگ گروپس کے تحت مختلف ہنگامی مناظر پر کام کیا، جن میں زلزلے کے اثرات، پنجاب اور سندھ میں مون سون کے سیلاب، بلند پہاڑی علاقوں میں گلیشیئر لیک آؤٹ فلو (GLOF) کے خطرات، اور پہاڑی اضلاع میں سردیوں کی بندشیں شامل تھیں۔ شرکاء نے این ڈی ایم اے کے تیار کردہ رسپانس میٹرکس اور سینکرونائزڈ ریسپانس فریم ورک کے ذریعے منظم ردعمل کی مشق کی دو روزہ مشق نے بین الاداروں تعاون کو مضبوط کیا اور فیلڈ لیول محکموں کے لیے وسائل کی تقسیم، ذمہ داریوں کی وضاحت، ابتدائی الرٹ کے نظام، ہنگامی لاجسٹکس اور انسانی ہمدردی کی فراہمی کے پروٹوکولز میں عملی بصیرت فراہم کی۔ شرکاء نے مختلف خطرات جیسے زلزلہ، دریائی سیلاب، گلیشیئر لیک آؤٹ فلو اور لینڈ سلائیڈز سے متاثرہ کمیونٹیز کے لیے مزاحمتی نظام قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔

این ڈی ایم اے نے کہا کہ اس طرح کی مشقیں پاکستان کے قومی تیاری کے فریم ورک کا لازمی حصہ رہیں گی تاکہ تمام سرکاری اور غیر سرکاری ادارے ہنگامی حالات میں بروقت اور مؤثر ردعمل دے سکیں۔ این ڈی ایم اے نے اقوام متحدہ کے اداروں، FCDO، شریک وزارتوں، صوبائی اور ضلعی انتظامیہ اور شراکت دار تنظیموں کا تعاون اور حصہ لینے پر شکریہ ادا کیا.


