اسلام آباد (کرائم رپورٹر )آئی جی اسلام آباد کا چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ،سکیورٹی اور کاروباری ماحول بہتر بنانے پر تبادلہ خیال، تاجربراداری نے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی،اسلام آباد پولیس شہر میں کاروباری ماحول کو محفوظ اور سازگار بنانے کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے،آئی جی سید علی ناصر رضوی

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آبادسید علی ناصررضوی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ICCI) کا اہم دورہ کیا، جہاںانہوں نے کاروباری برادری کے نمائندگان سے تفصیلی ملاقات کی ، اس موقع پر دارالحکومت میں سکیورٹی کے مجموعی حالات، تاجروں کے مسائل اور پولیس و کاروباری طبقے کے درمیان تعاون بڑھانے کیلئے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا،آئی جی اسلام آباد نے چیمبر آف کامرس کے صدر اور عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دارالحکومت کی معاشی سرگرمیوں میں تاجروں کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور پولیس اہلکار تاجر برادری کے تحفظ، ان کی دکانوں، مارکیٹس اور صنعتی علاقوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں،انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی، کیمروں کی تنصیب ، پیٹرولنگ پلان بہتر کرنے سمیت تاجروں اور پولیس رابطہ کمیٹیوں کی فعال بحالی جیسے اقدامات سے جرائم میں نمایاں کمی لائی گئی ہے .

آئی جی اسلام آباد نے مزید بتایا کہ اسلام آباد پولیس شہر میں کاروباری ماحول کو محفوظ اور سازگار بنانے کیلئے جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہے،اسی طرح چیمبر آف کامرس کے نمائندگان نے آئی جی اسلام آباد کو مختلف مارکیٹوں کے مسائل، ٹریفک مینجمنٹ، صنعتی علاقوں کی سکیورٹی اور پولیس کے ساتھ رابطے کے مو¿ثر طریقے کار کے حوالے سے اپنی تجاویز بھی پیش کیں، انہوں نے پولیس کی جانب سے حالیہ مدت میں کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے مزید تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی،آئی جی اسلام آباد نے چیمبر آف کامرس کے عہدیداران کی تجاویز کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ تاجر برادری کے ساتھ مسلسل مشاورت اور مشترکہ کوششوں سے نہ صرف سکیورٹی بہتر ہوگی بلکہ شہر کی معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا،آخر میں آئی جی اسلام آباد کو چیمبر آف کامرس کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی، جبکہ ملاقات میں مستقبل میں مشترکہ سرگرمیوں اور ہم آہنگی بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔



