اسلام آباد(کرائم رپورٹر)سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (آپریشنز) علی رضا قاضی نے کہا ہے کہ تاجر برادری قومی معیشت کا اصل انجن ہے جو تمام تر چیلنجز کے باوجود ملک کی ترقی کے لیے کوشاں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں تاجر برادری کے ساتھ ایک انٹرایکٹو سیشن کے دوران کیا۔ایس ایس پی علی رضا قاضی نے شرکا کو یقین دلایا کہ تاجروں کو درپیش پولیس سے متعلق مسائل کو بہتر کوآرڈینیشن اور براہ راست رابطہ کے ذریعے ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے اعلان کیا کہ ان کا واٹس ایپ نمبر حاضرین کے ساتھ شیئر کیا جائے گا تاکہ فوری رابطے کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیس اور کاروباری برادری کے درمیان مضبوط ہم آہنگی کام کاج کو بہتر بنانے اور مسائل کو جلد حل کرنے کا باعث بنے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام معمولی معاملات کو ایس ایچ او کی سطح پر ہینڈل کیا جائے گا جبکہ فوجداری کارروائی کو آخری آپشن کے طور پر لیا جائے گا۔ ایس ایچ اوز ذاتی طور پر آپ تک پہنچیں گے، رابطے کی تفصیلات کا تبادلہ کریں گے اور آپ کے مسائل خصوصاً مالی تنازعات کے بروقت حل کو یقینی بنائیں گے۔سکیورٹی میں جاری بہتری کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ شہر کے حفاظتی فریم ورک کو جدید ترین فعال اقدامات کے ساتھ اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔ 40 اضافی پوائنٹس پر سکیورٹی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں جبکہ کومبنگ آپریشن اور انسداد بھکاری مہم کو مزید تیز کیا جائے گا۔
قبل ازیں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں امن اور خوشحالی کے لیے کمیونٹی پولیسنگ کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر اور اسلام آباد پولیس کے درمیان ہمیشہ خوشگوار تعلقات رہے ہیں اور شہر کی بہتری کے لیے ایک ساتھ کھڑے ہیں۔سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے پھلوں اور سبزیوں کے تاجروں کو درپیش مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا۔ سابق صدور زبیر احمد ملک اور محمد اعجاز عباسی نے مضبوط کوآرڈینیشن میکانزم کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ اور صدر بلیو ایریا ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن یوسف راجپوت نے اس بات پر زور دیا کہ تاجروں کے مسائل مارکیٹ کے صدور کے ساتھ قریبی مشاورت سے حل کیے جائیں۔
دیگر کاروباری رہنمائوں بشمول کامران کاکاخیل، اسرار الحق مشوانی، سعید سواتی، چوہدری عثمان، راجہ زاہد دھنیال، چوہدری بابر، چوہدری کاشف، اختر عباسی اور عمران بخاری نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اجلاس میں ایگزیکٹو ممبران ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال، عمیر عزیز ملک، روحیل انور بٹ، سابق ایس وی پی خالد چوہدری، وی پی سیف الرحمان اور تاجر برادری کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے اظہار تشکر میں نائب صدر عرفان چوہدری نے امید ظاہر کی کہ یہ قریبی رابطہ نتیجہ خیز ہوگا اور دارالحکومت مزید پرکشش کاروباری مرکز بن کر ابھرے گا۔

