آئی جی اسلام آباد کا جرائم کے سدباب اور سیکیورٹی کے حوالے سے اہم میٹنگ کا انعقاد

اسلام آباد (کرائم رپورٹر)آئی جی اسلام آباد کا جرائم کے سدباب اور سیکیورٹی کے حوالے سے اہم میٹنگ کا انعقاد وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی روک تھام، تفتیشی امور میں بہتری اور جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کیے جانے والے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا، پولیس افسران کو شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے اور پولیس فورس کی انتظامی و آپریشنل کارکردگی کو مزید موثر بنانے کے لئے ہدایات جاری کیں۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا اور ایس پی سیکیورٹی /ایڈمنسٹریشن سلمان ظفر کے ساتھ اہم میٹنگ کی،اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں جرائم کی روک تھام، تفتیشی امور میں بہتری ،جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کئے جانے والے اقدامات ،فورس کی کارکردگی، آپریشنل حکمت عملی اور انتظامی امور سمیت موجودہ سیکیورٹی چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا.

انہوں نے سینئر پولیس افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور متحرک جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف قانونی کارروائیاں موثر و نتیجہ خیز بنائی جائیں،انہوں نے مزید کہا کہ تمام وسائل موثر انداز میں استعمال کئے جائیں اور انتظامی و آپریشنل کارکردگی کو مزید موثر بنایا جائے .

قبل ازیں سول سروسز اکیڈمی لاہور میں زیر تربیت پولیس افسران کے وفد نے سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد کا دورہ کیا، وفد نے آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کے ساتھ ملاقات کی، ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق اور ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک جمیل ظفر نے وفد کو اسلام آباد پولیس کے عوام کی سہولت، بہتر سروس ڈیلیوری اور جدید پولیسنگ کے نظام کی اہمیت و افادیت سے بھی آگاہ کیا، آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی اسلام آباد اور ایس پی ہیڈکوارٹرز پری گل ترین نے وفد کو یاد گاری شیلڈز بھی پیش کیں.