ملک کے بالائی علاقوں میں بارش و برفباری کا امکان، این ڈی ایم اے کی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ چند روز کے دوران موسم کی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ کے میدانی علاقوں میں سرد اور خشک موسم متوقع ہے، جبکہ بالائی اور شمالی اضلاع میں 30 جنوری سے 3 فروری کے دوران وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں سرد اور خشک موسم کے باعث دھند چھائے رہنے کا خدشہ ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 30 جنوری سے 3 فروری تک موسم شدید سرد اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ 4 فروری تک بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری اور سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

چترال، دیر، کالام، ناران، کاغان، گلگت، ہنزہ اور اسکردو میں ممکنہ بارش اور برفباری کے باعث برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔ اسی طرح مظفرآباد، وادی نیلم، مری اور گلیات میں برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈ اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے، این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسی آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کی جانب سے صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور متعلقہ اداروں کو ممکنہ خطرات سے بروقت آگاہ کیا جا رہا ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ برفباری کے دوران پہاڑی علاقوں میں سفر سے گریز کریں، پرانے یا کمزور ٹائروں والی گاڑیاں استعمال نہ کریں، اور اگر سفر ناگزیر ہو تو سنو چین، اضافی فیول اور دیگر ضروری سامان ہمراہ رکھیں۔ مزید برآں، مستند موسمی معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔