یوٹیلٹی اسٹورز کے ملازمین کے لیے خصوصی ریلیف پیکج منظور، حکومت اور یونین میں اہم معاہدہ طے

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کی مینجمنٹ اور ورکرز یونین کے درمیان ایک اہم سیورنس اور معاوضے کا معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت متاثرہ ملازمین کو خصوصی ریلیف پیکج فراہم کیا جائے گا اس معاہدے کی منظوری یو ایس سی مینجمنٹ اور ورکرز یونین کے درمیان ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کی۔ اجلاس کے دوران ملازمین کے مالی تحفظ اور فلاح و بہبود سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ہارون اختر خان کا کہنا تھا کہ متاثرہ ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو مالی تحفظ فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس پیکج کے لیے مکمل مالی تعاون فراہم کرے گی اور تمام اہل ملازمین کو بروقت اور شفاف ادائیگیاں یقینی بنائی جائیں گی اعلامیے کے مطابق، معاہدے کے تحت ادائیگیاں مرحلہ وار کی جائیں گی، جن میں پہلے مرحلے میں 40 فیصد رقم ادا کی جائے گی جبکہ باقی رقم دو مزید اقساط میں فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سال 2024 اور 2025 کی سالانہ انکریمنٹس کو بھی اس پیکج کا حصہ بنایا گیا ہے۔

معاہدے پر دستخط کے فوراً بعد ملازمین میں چیکس کی تقسیم کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق، ملازمین کی اکثریت نے رضاکارانہ طور پر اس پیکج کو قبول کر لیا ہے ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ معاہدہ حکومت کے مزدور دوست وژن اور محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مشکل حالات میں مزدوروں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ملازمین کے حقوق اور عزت کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔