ایف آئی اے میں نئی یونیفارم پالیسی نافذ، گریڈ 17 سے 22 تک افسران کے لیے دورانِ ڈیوٹی یونیفارم لازمی

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ تشخص کو مزید مضبوط بنانے کے لیے نئی یونیفارم پالیسی جاری کر دی گئی ہے،نئی یونیفارم پالیسی کا اطلاق امیگریشن اور انویسٹیگیشن کیڈر کے تمام ایگزیکٹو اہلکاروں اور افسران پر ہوگا۔ پالیسی کے تحت ایف آئی اے کے گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک کے تمام ایگزیکٹو افسران کے لیے دورانِ ڈیوٹی یونیفارم پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اعلامیے کے مطابق اس اقدام کا مقصد ادارے میں یکسانیت، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ شناخت کو فروغ دینا ہے تاکہ ادارہ جاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنایا جا سکے،حکام کا کہنا ہے کہ نئی یونیفارم پالیسی سے عوامی خدمات کی انجام دہی کو زیادہ مؤثر، منظم اور شفاف انداز میں یقینی بنایا جا سکے گا،نئی پالیسی پر عملدرآمد کے لیے باضابطہ ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں، جن پر فوری طور پر عملدرآمد کیا جائے گا۔