اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پارلیمنٹ لاجز کی سیکیورٹی صورتحال اور نامناسب سہولیات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کی ہدایت کر دی ہے تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ایک ہنگامی اجلاس طلب کیا، جس میں سی ڈی اے اور سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام کو طلب کر کے تفصیلی بریفنگ حاصل کی گئی۔ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا اور اسے سیکیورٹی کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا۔سیدال خان ناصر نے سی ڈی اے اور سیکیورٹی حکام کو ہدایت کی کہ وہ تین روز کے اندر جامع رپورٹ پیش کریں اور سیکیورٹی خامیوں کو فوری طور پر دور کیا جائے۔ انہوں نے ناقص سیکیورٹی انتظامات اور غیر مجاز داخلے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز میں جاری تزئین و آرائش اور مرمتی کاموں میں تاخیر پر بھی انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے گئے۔ ڈپٹی چیئرمین نے لفٹوں کی خراب حالت پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے انتظامی ناکامی قرار دیا اور کہا کہ وہ خود بھی لفٹ میں پھنسنے جیسے واقعے کا سامنا کر چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اراکین سینیٹ کی جانب سے بارہا شکایات کے باوجود پیشرفت نہ ہونا غفلت کے مترادف ہے۔ اس موقع پر لاجز میں موصول شکایات اور ان پر عملدرآمد کی تفصیلات بھی طلب کی گئیں، جبکہ پارلیمنٹ لاجز کی الاٹمنٹ کا مکمل ریکارڈ پیش کرنے اور شفافیت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی چیئرمین نے 104 نئے بلاکس کے منصوبے کی تفصیلات، لاگت اور تاخیر سے متعلق بھی جواب طلب کرتے ہوئے فوری پیشرفت یقینی بنانے پر زور دیا۔
اجلاس میں لاجز میں صفائی کی ابتر صورتحال اور چوہوں کی بہتات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔ سیدال خان ناصر نے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے غیر متعلقہ خاتون کے داخلے کی انکوائری کا حکم بھی دے دیا۔
انہوں نے واضح کیا کہ رہائشیوں کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں اور تمام مرمتی کام فوری مکمل کر کے شکایات کا ازالہ یقینی بنایا جائے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مسائل کے حل کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ اراکین سینیٹ کو محفوظ اور بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں.

