اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) داخلہ کی قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کے بیٹے نے اٹلی میں اسائلم حاصل کر لیا ہے، اجلاس کے بعد مرزا اقبال آفریدی پارلیمنٹ ہاؤس سے روانہ ہو گئے جبکہ صحافیوں کی جانب سے ان کے بیٹے کے حوالے سے سوالات کیے گئے تو وہ برہم ہو گئے۔
اقبال آفریدی نے اپنے بیٹے کے اسائلم لینے کے معاملے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے حالات تشویشناک ہیں اور یہاں نہ امن ہے اور نہ ہی سیاسی استحکام۔ انہوں نے کہا کہ آئے روز دہشتگردی کے واقعات پیش آ رہے ہیں، ایسے میں نوجوان نسل کے مستقبل کے حوالے سے خدشات پیدا ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر ان کے بیٹے نے اسائلم لیا ہے تو اس سے پہلے بھی کئی پاکستانی نوجوان بیرون ملک پناہ حاصل کر چکے ہیں۔ اقبال آفریدی نے دعویٰ کیا کہ ملک سے ملٹی نیشنل کمپنیاں جا چکی ہیں اور پاکستان اب محفوظ ملک نہیں رہا، انہوں نے مزید کہا کہ اگر انہیں موقع ملا اور وہ اس نتیجے پر پہنچے کہ بانی چیئرمین کو رہا نہیں کیا جائے گا تو پھر یہ ملک رہنے کے قابل نہیں رہے گا۔

