اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ایران کے سفیر برائے پاکستان ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے گورنر ہاؤس اسلام آباد میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ملاقات کی، جس میں پاک ایران تعلقات، علاقائی امن، تجارت اور باہمی تعاون کے فروغ سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ترقی اور خوشحالی کا راز قیام امن میں پوشیدہ ہے اور پاکستان ہمیشہ سے امن کا خواہاں رہا ہے اور اس مقصد کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ حالیہ جنگی صورتحال میں ایرانی قوم نے اتحاد، صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا ہے اور اسی قوت کے باعث ایران کامیابی حاصل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسایہ اور دیرینہ دوست ملک ایران کی ترقی اور استحکام کا خواہاں ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت، جن میں فیلڈ مارشل، وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ شامل ہیں، عالمی امن کے قیام کے لیے متحرک کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں امن و استحکام سے دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی۔
گورنر خیبرپختونخوا نے اس امر کو پاکستان کی سفارتی کامیابی قرار دیا کہ ایران اور امریکہ کو مذاکرات کی میز پر لانے میں پاکستان نے مثبت کردار ادا کیا۔ انہوں نے خیبرپختونخوا اور ایران کے درمیان تجارتی اور پارلیمانی وفود کے تبادلوں کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ایران کے تعاون سے معاشی ترقی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
اس موقع پر ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایرانی قوم حالیہ بحران کے دوران پاکستان کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو بڑے پیمانے پر تباہی سے بچانے میں پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے اہم کردار ادا کیا۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ مستقبل میں پاکستان اور ایران کے درمیان تیل سمیت مختلف اشیاء کی تجارت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے گوادر، بندر عباس اور کراچی کو علاقائی کاروباری سرگرمیوں کے لیے اہم مراکز قرار دیتے ہوئے ان کے مؤثر تجارتی الحاق کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی پورٹ پر ایران کے تیل کے کنٹینرز موجود ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون مزید وسعت اختیار کرے گا۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے کہا کہ اسرائیل خطے میں قیام امن کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے، جبکہ ایران اپنے ایٹمی حقوق سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوگا، ملاقات کے اختتام پر ایرانی سفیر نے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو ایران کے دورے کی دعوت دی، جبکہ گورنر نے ایرانی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا، اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات ندیم افضل چن اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی بھی موجود تھے۔

