اسلام آباد زون میں ایف آئی اے بھرتی, شفافیت کے دعوے، اعلیٰ افسران کی براہِ راست نگرانی

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) ایف آئی اے بھرتی میں شفافیت کے دعوے، اعلیٰ افسران کی براہِ راست نگرانی جاری ، اسلام آباد زون میں فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جاری بھرتی مہم میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے دعوے کیے جا رہے ہیں، جبکہ اس عمل کی نگرانی اعلیٰ افسران خود کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق امیدواروں میں خواتین، اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد شامل ہے جو بہتر روزگار کے مواقع کے لیے سرکاری ملازمتوں کی طرف رجوع کر رہے ہیں، بھرتی کے عمل کی نگرانی کے لیے اسلام آباد زون کے ڈائریکٹر سید شہباز ندیم بخاری روزانہ علی الصبح اسپورٹس کمپلیکس پہنچ کر ٹیسٹ اور دیگر مراحل کا خود جائزہ لے رہے ہیں، ان کے ہمراہ زنیرا اظفر ، افضل خان نیازی رانا عابد ، مام خان اورخوشنود بھٹی مختلف مراحل کی نگرانی میں مصروف ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ماضی میں سرکاری بھرتیوں میں سفارش، سیاسی دباؤ اور بدعنوانی جیسے الزامات سامنے آتے رہے ہیں، تاہم اس مرتبہ براہِ راست اعلیٰ نگرانی کے باعث شفافیت اور غیر جانبداری کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس سے امیدواروں کا اعتماد بھی بڑھ رہا ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی اور ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کی جانب سے تجربہ کار اور دیانت دار افسران کی تعیناتی کو بھی ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، تجزیہ کاروں کے مطابق اگر یہ بھرتی مکمل طور پر میرٹ اور شفافیت کے اصولوں کے مطابق مکمل ہوئی تو یہ نہ صرف ایف آئی اے بلکہ دیگر سرکاری اداروں کے لیے بھی ایک قابل تقلید مثال بن سکتی ہے، لاکھوں امیدواروں کی نظریں اب حتمی نتائج پر مرکوز ہیں، جن کے بعد اس عمل کی کامیابی یا ناکامی کا تعین ہوگا۔