اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے کابینہ سیکرٹریٹ کے اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے سینئر عہدیداروں کی تنخواہوں اور مختلف مراعات کی تفصیلات پیش کر دی گئیں، جن میں متعدد افسران کی جانب سے لاکھوں اور کروڑوں روپے کے الاؤنسز اور سفری اخراجات وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
کمیٹی کو فراہم کی گئی دستاویزات کے مطابق پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد ماہانہ 24 لاکھ 87 ہزار روپے تنخواہ وصول کر رہے ہیں، جبکہ انہیں فیول الاؤنس کی مد میں ایک لاکھ 59 ہزار 440 روپے بھی ادا کیے جا رہے ہیں، دستاویزات میں بتایا گیا کہ سمیر احمد نے گزشتہ دو برسوں کے دوران ڈیلی الاؤنس، رہائش اور فضائی سفر کی مد میں 82 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے۔

اسی طرح پی سی بی کے چیف فنانشل آفیسر نے گزشتہ تین سال کے دوران ڈیلی الاؤنس، رہائش اور فضائی سفر کی مد میں 73 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد وصول کیے ، اجلاس میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق چیف ایگزیکٹو پی ایس ایل نے ڈیلی الاؤنس، رہائش اور فضائی سفر کی مد میں 3 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے، جبکہ پی سی بی کے ڈائریکٹر میڈیا کو اسی مد میں 66 لاکھ روپے سے زائد ادا کیے گئے۔
دستاویزات کے مطابق ڈائریکٹر پاکستان سپر لیگ نے ڈیلی الاؤنس، رہائش اور فضائی سفر کی مد میں 58 لاکھ 80 ہزار روپے سے زائد وصول کیے، مزید انکشاف ہوا کہ پی سی بی کے ڈائریکٹر کوآرڈینیشن نے ڈیلی الاؤنس، رہائش اور فضائی سفر کی مد میں 4 کروڑ روپے سے زائد وصول کیے، جبکہ انہیں اضافی طور پر 75 لاکھ روپے بھی ادا کیے گئے۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ پی سی بی کے ڈائریکٹر ٹیم سیکیورٹی نے بھی ڈیلی الاؤنس، رہائش اور فضائی سفر کی مد میں 52 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے، سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے ارکان نے پیش کی گئی تفصیلات کا جائزہ لیا اور مختلف عہدوں پر دی جانے والی تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر مراعات کے حوالے سے سوالات اٹھائے, اجلاس میں پی سی بی کے مالی معاملات اور اخراجات میں شفافیت سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔
کمیٹی نے متعلقہ حکام سے مزید وضاحتیں طلب کرتے ہوئے اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لینے کی ضرورت پر زور دیا۔

