اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے سعودی عرب جانے والی نجی ایئرلائن ایئر بلیو کی پرواز PA-2766 غیر معمولی تاخیر اور بعد ازاں فضائی سفر کے دوران واپس اسلام آباد پہنچنے پر مسافروں نے شدید احتجاج کیا، ذرائع کے مطابق پرواز کو نئے دن رات ایک بجے سعودی عرب کے لیے روانہ ہونا تھا، تاہم ایئرلائن انتظامیہ نے جہاز میں فنی خرابی کا جواز پیش کرتے ہوئے مسافروں کو ابتدائی طور پر دو گھنٹے انتظار کرنے کی ہدایت کی۔
بعد ازاں پرواز کی روانگی میں مسلسل تاخیر ہوتی رہی اور بالآخر شام تقریباً ساڑھے سات بجے جہاز نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ٹیک آف کیا، مسافروں کے مطابق پرواز سعودی عرب کی جانب رواں دواں تھی اور ایران کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد اچانک یو ٹرن لے کر دوبارہ اسلام آباد واپس آگئی، طیارے کی واپسی کے بعد مسافروں میں شدید بے چینی اور غم و غصہ پھیل گیا۔
متاثرہ مسافروں کا کہنا ہے کہ ایئرلائن انتظامیہ کی جانب سے انہیں مناسب معلومات، متبادل انتظامات یا رہائش و خوراک کی سہولت فراہم نہیں کی گئی، جس کے باعث مسافروں نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر احتجاج شروع کر دیا، احتجاج میں خواتین، بزرگ شہریوں اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں مسافر شریک تھے، مشتعل مسافروں نے ایئرپورٹ پر اپنے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کی اور فوری متبادل پرواز یا مسئلے کے حل کا مطالبہ کیا۔
مسافروں کا کہنا تھا کہ کئی گھنٹوں کی تاخیر اور پھر دورانِ پرواز واپسی نے انہیں شدید ذہنی اذیت سے دوچار کیا ہے، انہوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ واقعے کی تحقیقات کی جائیں اور متاثرہ مسافروں کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کیا جائے، دوسری جانب ایئر بلیو انتظامیہ کی جانب سے واقعے کی وجوہات اور آئندہ لائحہ عمل کے حوالے سے باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا.

