بلغاریہ ورک ویزا فراڈ، سفارت خانے کے دو ملازمین گرفتار، گجرات کے شہریوں سے ایک کروڑ روپے ہتھیانے کا الزام

اسلام آباد (احسان بخاری / سپیشل رپورٹر) بلغاریہ کے ورک ویزا لگوا کر دینے کا جھانسہ دے کر ایمبیسی کےملازم 2 بھائیوں نے گجرات کے 2 افراد کو ایک کروڑ روپئے سے محروم کر دیا، دونوں بھائیوں اور عملے کے دو دیگر ارکان کو ملی بھگت ایف ائی آے گجرات نے مقدمہ درج کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے، دستیاب تفصیلات کے مطابق،گجرات کے 2 افراد نے 15 جولائی 2025 کو شکایت درج کرائی.

جس پر ایف آئی اے گجرات کے متعلقہ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نے معاملے کی تفتیش مکمل کرنے کے بعد 24 مارچ 2026 کو کارروائی کی منظوری حاصل کرنے کے لیے اپنی تحقیقاتی رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھیج دی، ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے 17 فروری 2026 مذکورہ ملزمان (اولیور ارنسٹ اور آئیون ارنسٹ) اور اس میں ملوث دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی اجازت دی۔

بلغاریہ کے سفارت خانے کے عملے کے دو ارکان (جو آپس میں بھائی ہیں)، یعنی:

1- اولیور ارنسٹ (والد: ارنسٹ فلپ)
2- آئیون ارنسٹ (والد: ارنسٹ فلپ)

نے ضلع گجرات میں شکایت کنندگان محمد ارسلان اور علی رضا سے روزگار کے ویزے پر بلغاریہ بھجوانے کے بہانے فی کس 50 لاکھ روپے (5 ملین روپے) نقد رقم اور پاسپورٹ وصول کیے۔ بعد ازاں، مذکورہ افراد نے نہ تو اپنا وعدہ پورا کیا اور نہ ہی رقم واپس کی، دلچسپ بات یہ ہے کہ جب ایف آئی اے اسلام آباد کی ٹیم ملزم بھائیوں تک رسائی حاصل کرنے کے لیے سفارت خانے پہنچی تو انہیں رسائی نہ مل سکی.

اس کے بعد ایف آئی اے نے ملزمان کو طلبی کے نوٹس (سمنز) جاری کیے جس پر انہیں تفتیش کے لیے پیش ہونا پڑا اور وہیں انہیں مقدمے میں دھر لیا گیا، اس دوران سفارت خانے نے ان کی ملازمت ختم کرنے کے خطوط جاری کر دیے اور اب وہ یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سفارت خانے کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں، لیکن معاملہ اتنا سادہ نہیں ہے۔ مقامی عملہ اکیلے ایسے کام نہیں کر سکتا۔