سیالکوٹ (بیورو رپورٹ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان میں دھکے کے بغیر کوئی چیز نہیں چلتی، سیاست دانوں اور انتظامیہ کو مل کر کام کرنا ہو گا ، سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ رنگ روڈ کے پہلے مرحلے پر جلد کام شروع ہوگا جبکہ کھاریاں سے راولپنڈی موٹروے منصوبہ بھی عملی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، ان منصوبوں سے شہر میں انقلابی تبدیلی آئے گی اور سیالکوٹ کی معاشی اہمیت مزید بڑھے گی۔
انہوں نے کہا کہ مختلف ترقیاتی منصوبوں سے شہر کی متعدد یونین کونسلیں براہِ راست مستفید ہوں گی اور علاقے کی تقدیر بدلنے کا عمل شروع ہو چکا ہے ، انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ رنگ روڈ کے پہلے مرحلے پر جلد کام کا آغاز کیا جائے گا، جبکہ متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ پہلے سے منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں پر فوری عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ انہیں بروقت مکمل کیا جا سکے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کھاریاں سے راولپنڈی تک موٹروے منصوبے کا تقریباً 205 ارب روپے کا ٹھیکہ فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (FWO) کو دیا جا چکا ہے، جبکہ دریائے چناب پر پل کی تکمیل بھی آخری مراحل میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں سیالکوٹ کو جی ٹی روڈ سے منسلک نہ ہونے کی وجہ سے نظر انداز کیا جاتا تھا، تاہم سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے شہر کو موٹروے سے جوڑ کر اس محرومی کا ازالہ کیا، ان کے بقول رنگ روڈ کے پہلے مرحلے میں وزیرآباد روڈ، ڈسکہ روڈ، پسرور روڈ اور کشمیر روڈ سمیت اہم شاہراہوں کو آپس میں منسلک کیا جائے گا، جس سے ٹریفک کے مسائل کم ہوں گے اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔
وزیر دفاع نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مالی دباؤ کے باوجود سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کو مؤخر نہیں کیا، جس پر وہ اور اہلِ سیالکوٹ ان کے شکر گزار ہیں، انہوں نے وفاقی حکومت اور وزیراعظم کا بھی موٹروے منصوبے کی منظوری اور پیش رفت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں سے شہر میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ کھاریاں۔راولپنڈی موٹروے منصوبے کی منظوری اور فنڈز کی فراہمی میں عسکری قیادت نے بھی اہم کردار ادا کیا، کیونکہ یہ منصوبہ نہ صرف خطے کی معاشی ترقی بلکہ قومی دفاع کے لیے بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ شہر کی صنعت، برآمدی شعبے، ایئرپورٹ اور موٹروے کو آپس میں جوڑے گا، جبکہ ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں بہتری آئے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں جاری دیگر ترقیاتی منصوبوں کو بھی مشترکہ کوششوں سے جلد مکمل کیا جائے گا۔

