عمان (ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ فلسطین کی آزادی کے لیے عرب اور مسلم ممالک متحد ہوں ، عمان میں مقبوضہ بیت المقدس میں وزراتی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ مقبوضہ بیت المقدس میں اسرائیل کے اقدامات بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق منعقدہ وزارتی کانفرنس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے جائز حقوق اور دو ریاستی حل کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا ، نائب وزیراعظم نے واضح کیا کہ مقبوضہ مشرقی بیت المقدس پر اسرائیل کی کوئی خودمختاری تسلیم نہیں کی جا سکتی اور مقدس مقامات پر قبضے اور ان کی حیثیت تبدیل کرنے کی تمام کوششیں ناقابل قبول ہیں۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ غزہ میں انسانی صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے، جہاں لاکھوں فلسطینی خوراک، صاف پانی اور بنیادی طبی سہولیات کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں، عالمی برادری کو فوری طور پر انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی یقینی بنانی چاہیے ، انہوں نے زور دیا کہ فلسطین کی آزادی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے عرب اور مسلم ممالک کو مشترکہ اور مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔
نائب وزیر اعظم نے اسرائیل کی جانب سے غیرقانونی آبادکاری اور فلسطینی علاقوں پر قبضے کی پالیسی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان تمام اقدامات کی مخالفت جاری رکھے گا ، اسحاق ڈار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بورڈ آف پیس کی جانب سے مقبوضہ بیت المقدس اور فلسطین کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات اور کوششوں کی مکمل حمایت کرتا ہے اور فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے اپنی سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

