اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) اعلیٰ سطح کے سفارتی وفد نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشنز سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا، جہاں وفد کو این ای او سی کے صلاحیتی دائرہ کار پر تفصیلی بریفنگ دی گئی ، تاجکستان، میانمار، سری لنکا، عمان، اسپین، جاپان، بنگلہ دیش، جرمنی، کینیڈا سمیت مختلف ممالک کے سفارتکاروں نے این ڈی ایم اے کا دورہ کیا۔
دنیا کے مختلف ممالک میں تعینات پاکستان کے 34 سے زائد سفیروں اور ہیڈز آف مشن نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے وفد کو پاکستان کے جدید، فعال اور ٹیکنالوجی پر مبنی ڈیزاسٹر مینجمنٹ نظام پر بریفنگ دی ، وفد کو ڈیزاسٹر ارلی وارننگ، جدید ٹیکنالوجی، قومی رابطہ کاری کے نظام اور این ڈی ایم اے کی آپریشنل استعداد سے بھی آگاہ کیا گیا۔
اجلاس میں پاکستان سمیت مختلف ممالک کو 2026 کے دوران درپیش خطرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی ، سفارتی وفد نے این ڈی ایم اے کی جدید ڈیزاسٹر مینجمنٹ صلاحیتوں، بروقت تیاری اور عالمی معیار کے ایمرجنسی رسپانس نظام کو سراہا ، پاکستان اور شریک ممالک نے موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات سے نمٹنے، ادارہ جاتی تعاون اور ڈیزاسٹر رسپانس کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

