ضیاء الحسن لنجار نے سندھ پولیس بھرتیوں سے متعلق مفتاح اسماعیل کے الزامات مسترد کر دیے

کراچی (بیورو رپورٹ) سندھ کے وزیرِ داخلہ و قانون ضیاء الحسن لنجار نے مفتاح اسماعیل کی جانب سے صدرِ مملکت آصف علی زرداری پر سندھ پولیس کی بھرتیوں سے متعلق عائد کیے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری پوری وفاقی اکائیوں کی نمائندہ شخصیت ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی حقیقی وفاقی جماعت ہے۔

ضیاء الحسن لنجار نے اپنے ردِعمل میں کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی میں سندھ سمیت ملک کی تمام اکائیوں اور ہر زبان بولنے والے شہریوں کی نمائندگی موجود ہے، صدر آصف علی زرداری کو کسی ایک صوبے، زبان یا قومیت تک محدود کرنا حقائق کے منافی اور قومی یکجہتی کے خلاف ہے ، انہوں نے کہا کہ سندھ بھر، بالخصوص کراچی میں تمام سرکاری بھرتیاں مقررہ قوانین، کوٹہ پالیسی اور میرٹ کے مطابق کی جاتی ہیں جبکہ سندھ پولیس ایک پیشہ ور، غیرجانبدار اور میرٹ پر قائم ادارہ ہے جہاں تمام زبانیں بولنے والے افسران اور اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔

وزیرِ داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت زبان، نسل، علاقے یا برادری کی بنیاد پر کسی بھی قسم کے امتیاز پر یقین نہیں رکھتی، کراچی سندھ کا دارالحکومت، پاکستان کا معاشی مرکز اور تمام برادریوں کا مشترکہ شہر ہے ، ضیاء الحسن لنجار نے مفتاح اسماعیل پر زور دیا کہ وہ ایک ذمہ دار سیاسی رہنما ہونے کے ناطے بے بنیاد الزامات اور لسانی تقسیم کو ہوا دینے والے بیانات سے گریز کریں۔

انہوں نے کہا کہ اگر مفتاح اسماعیل کے پاس کسی مخصوص بھرتی سے متعلق شواہد موجود ہیں تو وہ متعلقہ قانونی اور انتظامی فورم پر پیش کریں ، صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ سندھ کے عوام ماضی میں بھی نفرت، تعصب اور تقسیم کی سیاست کو مسترد کر چکے ہیں اور آئندہ بھی ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ضیاء الحسن لنجار نے مطالبہ کیا کہ مفتاح اسماعیل اپنے حقائق کے منافی اور غیر ذمہ دارانہ بیان کی وضاحت کریں اور اسے واپس لیں۔