راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں کارروائی کے دوران 5 دہشت گرد جہنم واصل کر دیے ، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر تیز رفتار کارروائی کے دوران فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ یہ کارروائی دہشت گردی کے خلاف جاری بھرپور مہم کا حصہ تھی، جس کا مقصد بھارتی سرپرستی میں سرگرم پراکسی عناصر کا خاتمہ اور خطے میں پائیدار امن کا قیام ہے ، دوسری جانب آئی ایس پی کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی برآمد ہوئے۔
ترجمان پاک کا کہنا تھا کہ سکیورٹی فورسز کی جانب سے موجود کسی بھی ممکنہ خطرے کے خاتمے کے لیے فوری طور پر کلیئرنس اور سرچ آپریشن بھی کیا گیا ، اِسی طرح قومی ایکشن پلان کے منظور شدہ ویژن ’عزمِ استحکام‘ کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بھرپور اور بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک یہ مہم پوری رفتار سے جاری ہے.

