آزاد کشمیر کی 7 مخصوص نشستوں پر پولنگ مکمل، ن لیگ 5 اور پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب

مظفرآباد (بیورو رپورٹ) آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 7 مخصوص نشستوں پر پولنگ مکمل ہو گئی، مسلم لیگ ن 5 اور پیپلز پارٹی 2 نشستوں پر کامیاب ہو گئی، حکومت سازی کی راہ ہموار ہو گئی ، ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق اسمبلی ہال مظفرآباد میں پولنگ کا آغاز صبح 10 بجے ہوا،خواتین کی 5 مخصوص نشستوں کیلئے 6 امیدوار میدان میں آئے، مسلم لیگ ن نے 4 خواتین جبکہ پیپلزپارٹی کی طرف سے 3 کو نامزد کیا، پیپلزپارٹی کی طرف سے شاہین کوثر ڈار نے کاغذات واپس لے لئے۔

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن نے 32 نشستوں کے ساتھ واضح برتری حاصل کرلی، مسلم لیگ ن کی حکومت سازی کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی ، ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست پر ن لیگ کے بیرسٹر افتخار گیلانی 26 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، پیپلز پارٹی کے امیدوار ذوالفقار علی نے 12 ووٹ حاصل کیے۔

علماء و مشائخ کی مخصوص نشست پر ن لیگ کے محمد مظہر سعید 26 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے حافظ طارق نے 12 ووٹ حاصل کیے ، خواتین کی 5 مخصوص نشستوں میں سے 3 نشستیں مسلم لیگ ن کے نام رہیں، خواتین کی مخصوص نشستوں پر ن لیگ کی مریم زمان، مریم ادریس اور سحرش قمر کامیاب ہوئیں۔

پیپلز پارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید راجہ خواتین کی مخصوص نشستوں پر کامیاب ہوئیں، اوورسیز نشست پر عبدالرحمان آرائیں بلا مقابلہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں ، واضح رہے کہ مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 32 ہوگئی، پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 14 ہوگئی۔