آزاد کشمیر الیکشن، باغ کے دونوں حلقوں کے نتائج مکمل، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن ایک ایک نشست جیت گئے

باغ (بیورو رپورٹ) آزاد کشمیر کے باغ ڈویژن کے دونوں حلقوں کے غیر حتمی نتائج سامنے آگئے، حلقہ ایل اے 15 باغ 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیا القمر جبکہ ایل اے 16 باغ 3 میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار میر اکبر خان کامیاب ہوگئے ، ایل اے 15 کے 9 اور ایل اے 16 کے 14 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے بعد دونوں حلقوں کے نتائج مکمل ہوگئے۔

حلقہ ایل اے 15 باغ 2 کے 9 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے بعد ووٹوں کی گنتی مکمل ہوئی، پیپلز پارٹی کے سردار ضیا القمر نے اپنے قریب ترین حریف مسلم لیگ (ن) کے راجا مشتاق منہاس پر 1900 ووٹوں کی برتری حاصل کرکے کامیابی اپنے نام کرلی۔

دوبارہ پولنگ سے قبل دستیاب نتائج کے مطابق سردار ضیا القمر 16 ہزار 637 ووٹ لے کر پہلے، راجا مشتاق منہاس 15 ہزار 15 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور جماعت اسلامی کے امیدوار بریگیڈیئر (ر) راجا محمد خان 12 ہزار سے زائد ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر تھے ، حلقے کے 9 پولنگ سٹیشنز پر مجموعی طور پر 5 ہزار 32 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے اہل تھے۔

دوسری جانب حلقہ ایل اے 16 باغ 3 کے 14 پولنگ سٹیشنز پر بھی دوبارہ پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا، مسلم لیگ (ن) کے امیدوار سردار میر اکبر خان نے 20 ہزار 793 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے سردار قمر الزمان خان دوسرے نمبر پر رہے ، اس حلقے میں دوبارہ پولنگ سے قبل سردار میر اکبر 18 ہزار 950 ووٹ کے ساتھ پہلے اور سردار قمر الزمان خان 15 ہزار 750 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر تھے۔

ایل اے 16 کے 14 پولنگ سٹیشنز پر مجموعی طور پر 7 ہزار 238 ووٹرز ووٹ ڈالنے کے اہل تھے، باغ کے دونوں حلقوں میں دوبارہ پولنگ کے بعد ایک نشست پاکستان پیپلز پارٹی اور ایک مسلم لیگ (ن) کے حصے میں آئی ہے,ادھر الیکشن کمیشن نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 14 اور ایل اے 17 سے کامیاب امیدواران کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

ایل اے 14 غربی باغ سے جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے ساجد اقبال کامیاب قرار پائے جبکہ حلقہ ایل اے 17 حویلی سے پی پی کے فیصل ممتاز راٹھور کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔