مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ ، پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کی سہ ملکی کمیٹی کا پہلا اجلاس استنبول میں شروع

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر) پاکستان، ترکیہ اور سعودیہ کے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت سہ ملکی کمیٹی کا پہلا اجلاس استنبول میں شروع ہو گیا ، استنبول اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کی نمائندگی کر رہے ہیں ، اجلاس میں ترک وزیر خارجہ حاقان فیدان اور وزیر قومی دفاع یشار گیولر سمیت ترکیہ کے چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوق بائر اکتار اولو شریک ہوئے، سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان، ، وزیر دفاع خالد بن سلمان، چیف آف جنرل اسٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی شریک ہوئے ہیں۔

اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی و سکیورٹی تعاون پر اہم مشاورت ہوگی ، سہ ملکی اجلاس میں عالمی سلامتی اور تینوں ملکوں کی دفاعی صلاحیتیں مضبوط بنانے پر غور ہوگا، تینوں ملکوں میں دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار اور ٹیکنالوجی پر بات چیت ہوگی ، قبل ازیں ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یشار گولر کی پاکستان کے وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقات ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یشار گولر نے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، یہ ملاقات مکہٰ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت قائم کیے گئے سٹریٹجک سیاسی و دفاعی کمیٹی کے افتتاحی اجلاس سے قبل دوطرفہ روابط کے سلسلے میں ہوئی ، یہ ملاقات ایسے وقت میں تینوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک دفاعی شراکت داری کو ادارہ جاتی شکل دینے کی کوششوں کی عکاسی کرتی ہے جب خطے کی سلامتی کی صورتحال مسلسل تبدیل ہو رہی ہے۔

اس سلسلہ میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان سے ملاقات ہوئی ہے جس میں پاکستان نے علاقائی امن و استحکام کیلئے دیرپا کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دوطرفہ تعلقات کے مسلسل استحکام اور توسیع پر اطمینان کا اظہار کیا ، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے حضرت ابو ایوب انصاریؓ کے مزار پر حاضری دی، عقیدت و احترام کا اظہار کیا اور پاکستان اور عوام کے امن و خوشحالی ، امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے دعا کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیے کی اسٹریٹجک شراکت داری مشترکہ خوش حالی اور سکیورٹی کی ضامن ہے ، مکہ معاہدے نے دونوں کے اسٹریٹجک بھائی چارے کی تصدیق کی ، یہ معاہدہ پاکستان اور ترکیے کو سعودی عرب کے ساتھ مضبوطی سے جوڑتا ہے ، ہمارے مشترکہ تحفظ اور دفاعی قوت کی راہ ہموار کرتا ہے۔