اسلام آباد(سپیشل رپورٹر) فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی ایمپلائز یونین (CBA) کے جنرل باڈی اجلاس میں ملازمین کو درپیش معاشی اور انتظامی مسائل پر تفصیلی غور کیا گیا ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے CBA یونین کے جنرل سیکرٹری مجیب گریوال نے کہا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے ملازمین کا معاشی استحصال کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا اور یونین ملازمین کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر قانونی، آئینی اور جمہوری فورم پر جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عید بیسک کی عدم ادائیگی کے معاملے پر CBA یونین نے ڈائریکٹر جنرل FGEHA سے ملاقات کی تھی، جہاں ملازمین کو عید بیسک کی ادائیگی کی یقین دہانی کرائی گئی تھی۔ تاہم یقین دہانی کے باوجود تاحال ملازمین کو عید بیسک ادا نہیں کی گئی ، مجیب گریوال نے بتایا کہ اس معاملے پر CBA یونین نے ملازمین کے جائز حق کے حصول کے لیے NIRC سے رجوع کر لیا ہے اور قانونی طور پر ملازمین کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑا جا رہا ہے۔

انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ یونین ملازمین کو ان کا حق دلا کر اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائے گی ، انہوں نے ہاؤسنگ فاؤنڈیشن الاؤنس اور یوٹیلیٹی الاؤنس کے معاملے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین پہلے ہی مہنگائی اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، ایسے میں ان کے موجودہ الاؤنسز کو منجمد کرنا ان کے معاشی مفادات پر براہِ راست ضرب ہے۔
جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اتھارٹی ایکٹ 2020 کے تحت ملازمین کے حقوق اور مراعات کا قانونی تحفظ موجود ہے، لہٰذا پارلیمنٹ کے منظور کردہ قانون سے متصادم کوئی بھی انتظامی یا بورڈ کا فیصلہ قابل قبول نہیں ہوگا ، انہوں نے کہا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے ملازمین پہلے ہی پنشن، سرکاری رہائش، DRA اور دیگر بنیادی مراعات سے محروم ہیں۔
ایسے حالات میں ملازمین کو ملنے والے ہاؤسنگ فاؤنڈیشن اور یوٹیلیٹی الاؤنس کو منجمد کرنے کی کوشش ملازمین کے ساتھ کھلی ناانصافی ہے۔مجیب گریوال نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ہاؤسنگ اتھارٹی کے ملازمین کا معاشی قتل بند کیا جائے اور ان کے جائز حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے ، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ملازمین کے معاشی حقوق متاثر کرنے کی کوشش کی گئی تو افسران اور ملازمین باہمی مشاورت سے قلم چھوڑ ہڑتال سمیت دیگر قانونی اور جمہوری راستوں پر غور کرنے پر مجبور ہوں گے۔
اجلاس میں شریک ملازمین نے CBA یونین کی جدوجہد پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے یونین کے ہر جائز فیصلے میں بھرپور ساتھ دینے اور متحد ہو کر اپنے حقوق کے دفاع کا عزم کیا ، آخر میں جنرل سیکرٹری مجیب گریوال نے کہا کہ CBA یونین ملازمین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے آخری حد تک جدوجہد جاری رکھے گی۔

