Pakistan Navy capitalnewspoint.com

یومِ بحریہ، نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف کی یادگارِ شہداء پر حاضری، شہداء کو خراجِ عقیدت

اسلام آباد (سپیشل رپورٹر)یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد میں یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر نیول ہیڈکوارٹرز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایڈمرل نوید اشرف مہمانِ خصوصی تھے ، تقریب کے دوران انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی ، یومِ بحریہ کی تقریب میں پاک بحریہ کے افسران، چیف پیٹی آفیسرز (CPOs)، سیلرز اور نیوی کے سولین ملازمین نے شرکت کی، جبکہ شہداء کے اہلِ خانہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تقریب کے دوران شہداء کی لازوال قربانیوں کو یاد کیا گیا اور ملکی دفاع میں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاک بحریہ وطن کی سمندری حدود کے دفاع اور ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں جاری رکھے گی ، یومِ بحریہ ہر سال پاک بحریہ کے ان جانبازوں کی خدمات اور قربانیوں کو یاد کرنے کے لیے منایا جاتا ہے جنہوں نے ملک کے دفاع کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔