فیصل آباد(سٹاف رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری کی ہدایات پر ایف ڈی اے کے زیر کنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں بلڈنگ لاز کی پابندی کو تسلسل کے ساتھ چیک کیا جا رہا ہے ،اس سلسلے میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے انسپکشن کے دوران ناجائز تعمیرات پر دو جائیدادوں کو سر بمہر کر دیا اور مالکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیئے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر ٹاؤن پلاننگ اسماء محسن کی زیر نگرانی سٹیٹ افیسر انیب اسلم رندھاوا کی سربراہی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے مختلف رہائشی کالونیوں میں بلڈنگ بائی لاز پر عملدرآمد کے حوالے سے انسپکشن کی تو گلستان کالونی نمبر دو میں پلاٹ نمبر 132 B پر تعمیرات کے دوران نقشہ کی خلاف ورزی کی جا رہی تھی جس کو فوری طور پر سر بمہر کر کے بعض تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا اور مالک مکان کے خلاف چالان سپیشل جوڈیشیل مجسٹریٹ کی عدالت میں بھجوا دیا۔
دوسری کارروائی میں ایف ڈی اے کی انفورسمنٹ ٹیم نے فیض آباد فلیٹس میں ایک دکان پر ناجائز قبضہ کی کوشش ناکام بنا دی اور اسے فوری طور پر سربمہر کر کے مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ ایف ڈی اے انتظامیہ کی طرف سے خبردار کیا گیا ہے کہ تعمیرات کے حوالے سے متعلقہ قوانین کی پابندی کی جائے بصورت دیگر ناجائز تعمیرات کو مسمار کرنے کے علاوہ قصورواروں کے خلاف فوجداری مقدمات بھی درج کرائے جا سکتے ہیں۔

