شہید بینظیر آباد (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیر آباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت گزشتہ قومی انسدادِ پولیو مہم کے دوران پولیو ٹیموں کی کارکردگی،حاصل کیے گئے اہداف، ریفیوزل بچوں اور مہم کے دوران درپیش مسائل کا جائزہ اجلاس ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال ہال میں منعقد ہوا۔
اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مدثر حسین اور فوکل پرسن برائے پولیو ڈاکٹر اللّٰہ بخش راجپر نے ضلع میں گزشتہ قومی انسداد پولیو مہم کے دوران حاصل نتائج، حاصل شدہ اہداف، اور رہ جانے والے بچوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ شہید بینظیر آباد میں گزشتہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران سو فیصد ٹارگیٹ کامیابی سے حاصل کر لیے گئے، تاہم کچھ علاقوں میں مکینوں کی عدم موجودگی کے باعث کچھ بچے پولیو ویکسین سے محروم رہ گئے، جن کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور آئندہ مہم میں اُن علاقوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے اجلاس کے شرکاء کو ہدایت کی کہ آئندہ پولیو مہم میں “زیرو مسڈ چائلڈ” پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے اور ہر ٹیم کی کارکردگی کی نگرانی روزانہ کی بنیاد پر کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ محکموں، اداروں اور سماجی تنظیموں کو باہمی تعاون سے کام کرنا ہوگا۔

