آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا ڈی ایس پیز کی کارکردگی کا جائزہ

اسلام آباد (کرائم رپورٹر )آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا ڈی ایس پیز کی کارکردگی کا جائزہ لیا اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران کو مختلف سرکلز کا ایس ڈی پی او تعینات کیا،انہوں نے 15پولیس افسران کی اپیلیں اور سرکاری و ذاتی نوعیت کے مسائل بھی سنے،14پولیس افسران کی اپیلیں منظور جبکہ 01کی اپیل خارج کردی۔

تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ضلع بھر کے ڈی ایس پیز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر انہوں نے بہترین کارکردگی دکھانے والے پولیس افسران کو مختلف سرکلز میں ایس ڈی پی اوز کے عہدوں پر تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے، آئی جی اسلام آباد نے اس موقع پر کہا کہ تمام افسران کا انتخاب مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے، ایس ڈی پی اوز اپنے اپنے سرکل کے براہِ راست ذمہ دار ہیں، اس لئے وہ اپنے ماتحت عملے کے ساتھ مل کر شہریوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کو یقینی بنائیں،انہوں نے مزید کہا کہ سپروائزری سطح کے افسران کی کارکردگی پولیس کی مجموعی کارکردگی پر براہِ راست اثر ڈالتی ہے، لہٰذا تمام افسران جرائم کی روک تھام اور مقدمات کے حل میں ذاتی دلچسپی لیں،آئی جی اسلام آباد نے مزید ہدایت کی کہ تمام پولیس افسران ہمہ وقت عوامی خدمت کو اپنا نصب العین بنائیں اور اپنی تمام تر توانائیاں صرف اور صرف کارکردگی میں بہتری پر مرکوز رکھیں .

بعد ازاں آئی جی اسلام آباد نے اپنے دفتر میں اردل روم کا انعقاد کیا، جس میں پولیس افسران کی سرکاری و ذاتی نوعیت کی اپیلیں سنی گئیں، اردل روم میں 15 پولیس افسران نے پیش ہو کر اپنی اپیلیں جمع کرائیں، جن میں سے 14 اپیلیں منظور جبکہ ایک اپیل مسترد کر دی گئی،اس موقع پر آئی جی اسلام آباد نے سینئر پولیس افسران کو ہدایت دی کہ تمام زیرِ التواءانکوائریاں جلد از جلد مکمل کی جائیں اور افسران کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیاجائے،انہوں نے مزید کہا کہ پولیس افسران کی ویلفیئر اور مسائل کا فوری حل ہماری اولین ترجیح ہے،میرے دفتر کے دروازے تمام پولیس افسران کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں، اردل روم کے انعقاد کا مقصد پولیس افسران کی فلاح و بہبود، ان کے مسائل کا حل اور ان کے مورال کو بلند رکھنا ہے۔