اسلام آباد (کرائم رپورٹر )ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا فیلڈ میں متحرک ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا اورسکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا،انہوں نے سکیورٹی کے فرائض پر موجود پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی اور سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں۔
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصررضوی کے خصوصی احکامات کی روشنی میں اسلام آباد پولیس نے وفاقی دارالحکومت میں موجود گرجا گھروں کی فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے مو¿ثر اقدامات کئے ہیں،اس سلسلے میں ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد قاضی علی رضا نے فیلڈ میں متحرک رہتے ہوئے ضلع بھر کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کیا،اس موقع پر موجود پولیس افسران وجوانوں سے ملاقات کی، ان کے فرائض کی انجام دہی کا جائزہ لیا اور سکیورٹی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کیلئے ہدایات جاری کیں، انہوں نے گرجا گھروں کے داخلی و خارجی راستوں، پارکنگ ایریاز اور اردگرد کے علاقوں میں تعینات نفری سمیت مجموعی سکیورٹی پلان کا بھی معائنہ کیا، ایس ایس پی آپریشنز نے گرجا گھروں کی انتظامیہ سے ملاقات کے دوران کہا کہ اسلام آباد پولیس بلا تفریق شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ہر وقت سرگرمِ عمل ہے، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک شخص یا سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ پولیس اسٹیشن یا پولیس ہیلپ لائن “پکار- “15پر دیں .
انہوں نے کہا کہ پولیس اور عوام کے درمیان تعاون ہی امن و امان کے قیام کی بنیاد ہے،انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد پولیس اپنے فرائض قومی جذبے، فرض شناسی اور اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ساتھ انجام دے رہی ہے تاکہ وفاقی دارالحکومت میں محفوظ اور پر امن ماحول کو برقراررکھا جاسکے،آخر میں انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے.

