اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس کی رجسٹریشن مہم کے سلسلے میں ڈیڈلائن میں صرف تین دن باقی رہ گئے۔ فوڈ اتھارٹی نے واضح کر دیا ہے کہ 30 نومبر کے بعد کسی بھی غیر رجسٹرڈ فوڈ پوائنٹ یا ریسٹورنٹ کو کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ یکم دسمبر سے سخت کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی کے مطابق اسلام آباد میں تمام فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس کو 30 نومبر تک ہر صورت رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ یکم دسمبر سے فوڈ اتھارٹی روزانہ کی بنیاد پر انسپکشنز کرے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے فوڈ پوائنٹس یا ریسٹورنٹس کو سیل کرنے کے ساتھ بھاری جرمانے بھی عائد کیے جائیں گے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نے بتایاکہ لائسنس کے حصول کے لیے بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر میں خصوصی ڈیسک قائم کر دیا گیا ہے جہاں فوڈ اتھارٹی کا عملہ موقع پر آسان اور بروقت عمل کے ذریعے رجسٹریشن یقینی بنا رہا ہے۔
ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے کہا کہ یکم دسمبر کے بعد غیر رجسٹرڈ فوڈ کاروبار کی کسی صورت اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے تمام فوڈ پوائنٹس اور ریسٹورنٹس مالکان سے اپیل کی ہے کہ 30 نومبر تک لازمی طور پر رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ کریک ڈاؤن اور قانونی کارروائی سے بچا جاسکے۔

