اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) جی ایس ایم اے اور فارِن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (FCDO) کے اعلیٰ سطحی وفد، جن میں مس لوئیزا اوڈیل (انوویشن اینڈ ٹیکنالوجی ایڈوائزر، FCDO)، مسٹر مائیکل ان وِن (اسٹریٹجک پارٹنرشپ لیڈ، ٹیکنالوجی و انوویشن یونٹ، FCDO) اور مس کمبرلی براؤن (گلوبل ہیڈ آف موبائل فار ہیومینیٹیرین، GSMA) شامل تھیں، نے وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں آفات کے دوران کنیکٹیویٹی، موبائل ایکو سسٹم کے کردار، ڈیجیٹل شمولیت اور پائیدار ترقی سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کے انوویشن اور اسٹارٹ اپ منظرنامے اور ڈیجیٹل ترقی کے لیے حکومتی پالیسی اقدامات پر بھی اپنا نقطۂ نظر پیش کیا۔

وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ نے وزیراعظم شہباز شریف کے ڈیجیٹل نیشن پاکستان وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے وفد کو وزیراعظم کے آغاز کردہ INSPIRE سیمی کنڈکٹر پروگرام پر بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 7,200 پاکستانی نوجوانوں کو جدید سیمی کنڈکٹر ٹیکنالوجی کی تربیت دی جائے گی جبکہ ملک بھر کی یونیورسٹی کلسٹرز میں 9 آئی سی ڈیزائن لیبارٹریز قائم کی جا رہی ہیں، جس سے پاکستان میں ہارڈویئر اور چِپ ڈیزائن کے شعبے کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔جی ایس ایم اے کے وفد نے GSMA Mobile for Development (M4D) کے عالمی مشن، اس کے دائرہ کار اور پاکستان میں جاری حالیہ منصوبوں پر بریفنگ دی، خصوصاً موبائل انٹرنیٹ کے فروغ، ڈیجیٹل شمولیت اور کمزور طبقات کے لیے موبائل بیسڈ ڈیجیٹل حل کے ذریعے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے پاکستان کے جامع ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور ریزیلینس پر مبنی جدت کے وژن کو سراہا ، جی ایس ایم اے اور فارِن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس (FCDO) کے نمائندگان نے پاکستان میں اسٹارٹ اپس کی معاونت کے حکومتی نظام، خصوصاً BridgeStart اور پاکستان اسٹارٹ اپ فنڈ پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات پاکستان میں انٹرپرینیورشپ، جدت اور پائیدار ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کے لیے مضبوط حکومتی عزم کی عکاسی کرتے ہیں

