بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شفاف نظام ہماری اولین ترجیح ہے. چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ شفافیت، دیانت داری اور احتساب ہی مضبوط پاکستان کی بنیاد ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شفاف نظام ہماری اولین ترجیح ہے، بدعنوانی کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔ عالمی یوم انسداد بدعنوانی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ بدعنوانی ملک کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے

اس کے خاتمے کے لئے اجتماعی کوششیں ضروری ہیں، عوام کے وسائل میں خیانت ناقابلِ معافی جرم ہے، کرپشن کے خلاف جنگ میں ہر شہری کا کردار اہم ہے۔ سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ دیانت دار نظام ہی غریب عوام کو حقیقی سہولت فراہم کر سکتا ہے، نوجوان نسل کو بدعنوانی کے خلاف آگے بڑھنا ہوگا، صاف ستھرا نظام ہی اعتماد اور ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی آئی ایس پی امداد شفاف ترسیل نظام کے ذریعے مستحقین تک براہِ راست پہنچائی جا رہی ہے۔