اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 13 سے 15 دسمبر کے دوران ایک کمزور مگر فعال مغربی سسٹم شمالی اور مغربی پاکستان کو متاثر کرے گا، جس کے نتیجے میں میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ پہاڑی اور بلند مقامات پر برفباری متوقع ہے یہ موسمی نظام بالخصوص کوہستان اور بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کو متاثر کرے گا، جہاں پہاڑی راستوں میں نسبتاً زیادہ برفباری کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں برف جمع ہونے کے باعث سڑکوں کی بندش اور سفری مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ بلوچستان کے بعض علاقوں، جن میں کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی اضلاع شامل ہیں، میں بھی کہیں کہیں بارش اور قریبی پہاڑی علاقوں میں برفباری ہو سکتی ہے۔
16 سے 18 دسمبر کے دوران مغربی سسٹم کمزور پڑ جائے گا، تاہم شمالی علاقوں میں شدید سردی برقرار رہنے کا امکان ہے۔ بلند مقامات پر سڑکوں پر پھسلن اور برف جمنے کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے ہلکی برفباری بھی متوقع ہے۔ اس دوران بعض مقامات پر شدید سردی کے ساتھ دھند پڑنے کا امکان ہے، جس سے حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے حکام نے پہاڑی اور بلند علاقوں میں رہنے والے شہریوں اور مسافروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور موسم اور سڑکوں کی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی ہے۔

