اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزارتِ مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کی صدارت میں ایک تقریب میں 67 نئے زیارات گروپ آرگنائزرز (ZGOs) کو رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کیے گئے وفاقی وزیر نے کہا کہ رجسٹرڈ ZGOs کے ذریعے ایران اور عراق کے زائرین کو بہتر سہولیات اور محفوظ سفر کی ضمانت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنوری 2026 سے نئے نظام کے تحت زیارات کی سرگرمیاں عمل میں لائی جائیں گی وزیر نے مزید کہا کہ وزارت پہلے مرحلے میں 24 اور اب 67 مزید ZGOs کی رجسٹریشن مکمل کر چکی ہے، اور باقی کمپنیاں جلد از جلد اپنے کوائف مکمل کر کے رجسٹریشن حاصل کریں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک فیری کمپنی “سی کیپرز” نے وزارتِ بحری امور سے لائسنس حاصل کر لیا ہے اور ایران و عراق کے زائرین کے لیے بحری سفر کی راہیں بھی جلد ہموار ہوں گی وفاقی وزیر نے NITB کے تعاون سے ZGO مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم بنانے کا اعلان بھی کیا تاکہ زائرین کی سہولت مزید بہتر ہو سکے۔ رجسٹرڈ ZGOs کی فہرست وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے اس موقع پر وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطا الرحمن، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجد محمود چوہان، جوائنٹ سیکرٹری زیارات احمد ندیم خان، ڈپٹی سیکرٹری ناصر عزیز خان، رانا محمد مجاہد اور ZGO کمپنیوں کے سربراہان بھی موجود تھے صوبائی تقسیم کے مطابق رجسٹرڈ ZGOs میں پنجاب سے 50، خیبر پختونخوا سے 22، سندھ سے 10، اسلام آباد سے 8 اور گلگت سے 1 کمپنی شامل ہے۔

