این ڈی ایم اے کا گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بارش اور برفباری کا الرٹ جاری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)قومی ادارہ برائے ہنگامی صورتحال (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (NEOC) نے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں ممکنہ بارش اور برفباری کا الرٹ جاری کر دیا ہے ذرائع کے مطابق بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ ژوب، قلعہ سیف اللہ، زیارت، پشین، کوئٹہ اور ان کے گردونواح میں بھی بارش کا امکان ہے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ اسکردو، ہنزہ، غذر، استور، دیامر اور شگر میں بھی بارش و برفباری کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ برفباری کے دوران پہاڑی علاقوں میں سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو سکتی ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی تدابیر اپنائیں۔ پرانے یا کمزور ٹائروں والی گاڑیوں کو پہاڑی علاقوں میں لے جانے سے گریز کریں اور غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔ برفباری کے دوران اگر سفر ناگزیر ہو تو ضروری سامان جیسے سنو چین اور اضافی فیول ساتھ رکھیں این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ممکنہ متاثرہ علاقوں میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، ہدایات پر عمل کریں اور موسمی صورتحال سے باخبر رہیں۔ صوبائی و ضلعی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے این ڈی ایم اے کا NEOC تمام صورتحال اور ممکنہ خطرات کی بروقت پیشگی آگاہی اور متعلقہ اداروں تک ضروری معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔