عوامی فلاح و بہبود اور ترقی مسلم لیگ (ن) کا خاصا ہے: عطا اللہ تارڑ

لاہور (بیورو رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود اور تعمیر و ترقی ہمیشہ سے مسلم لیگ کا خاصا رہا ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ تعمیری سیاست کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں حلقہ این اے 127 میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کے ہمراہ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ والٹن کے حلقے کو دیکھ کر رشک آتا ہے، یہ ایسا حلقہ ہے جہاں ہر سہولت کے لئے عوامی نمائندے تگ و دو کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے کی گلیوں سمیت پانی اور سیوریج کے مسائل پر توجہ دی گئی، اس کے ساتھ ساتھ تعلیم پر بھی اتنی ہی توجہ دی گئی جتنی دیگر بنیادی سہولیات پر، والٹن کے علاقے کے دائیں اور بائیں جانب لڑکوں کے لئے خواجہ رفیق شہید کالج اور لڑکیوں کے لئے رابعہ بصری کالج کو دیکھ کر فخر ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تعمیر و ترقی ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کا نصب العین رہا ہے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ تعمیری سیاست کو ترجیح دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے اس حلقے کیلئے ریکارڈ کام کئے ہیں، ہماری کوشش ہوگی کہ ان کے ترقیاتی کاموں کو نہ صرف آگے بڑھایا جائے بلکہ اس حلقے کا شمار لاہور کے مثالی حلقوں میں ہو، انہوں نے کہا کہ حلقے کی بہتری کے لئے ترقیاتی کاموں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مشاورت اور بات چیت کے ذریعے باقی مسائل کا حل بھی نکالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کام ہمت اور سوچ سے ہوتے ہیں، خواجہ سعد رفیق سے یہی سکھا ہے کہ ”اٹھ باندھ کمر کیا ڈرتا ہے، پھر دیکھ خدا کیا کرتا ہے۔